پسند کی شادی کرنے والا رکشہ ڈرائیور ہم شکل بہنوں کی وجہ سے مشکل میں پھنس گیا

رکشہ ڈرائیور کی درخواست پر پولیس بھی چکرا کر رہ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 دسمبر 2018 11:27

پسند کی شادی کرنے والا رکشہ ڈرائیور ہم شکل بہنوں کی وجہ سے مشکل میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2018ء) : لاہور کے رہائشی ایک رکشہ ڈرائیور نے پسند کی شادی کی لیکن ہم شکل بہنوں کی وجہ سے مشکل میں پھنس گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنی نوعیت کا ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں لاہور کے علاقہ فیروزوالا کے رہائشی ایک رکشہ ڈرائیور کے ساتھ ہم شکل بہنوں نے ہاتھ کر دیا۔ پسند کی شادی کرنے والے لاہور کے رہائشی رکشہ ڈرائیور آصف نے اپنی بیوی کی بازیابی کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں رکشہ ڈرائیور آصف نے مؤقف اختیار کیا کہ میری صبا نامی لڑکی سے جان پیچان تھی اور کچھ عرصہ کے بعد ہی یہ جان پہچان پیار میں تبدیل ہو گئی۔ جس کے بعد میں نے صبا سے پسند کی شادی کر لی۔ رکشہ ڈرائیور آصف نے بتایا کہ میری بیوی ناراض ہوکر اپنے میکے چلی گئی ہے، اور میری بیوی کی زندگی کو خطرہ ہے، اس کے گھر والے پسند کی شادی کے الزام میں کہیں اسے قتل نہ کردیں۔

(جاری ہے)

رکشہ ڈرائیور نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت میری بیوی صبا کو بازیاب کروانے کا حکم دے۔ لاہور ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو فیروز والا عدالت سے رجوع کا حکم دے دیا۔ قبل ازیں حبس بےجا کی درخواست پر جب پولیس صبا کو بازیاب کروانے پہنچی تو اس کی جگہ اس کی ہم شکل بہن کرن کو لے آئی تھی۔ پولیس کا موقف ہے کہ صبا نے نکاح کے وقت اپنی بہن کرن کا شناختی کارڈ دیا تھا، نکاح نامے کے مطابق کرن کو لائے تو اس نے آصف کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔ کرن کے بیان پر علم ہوا کہ صبا کی کوئی جڑواں بہن بھی ہے۔ رکشہ ڈرائیور آصف کی درخواست پر پولیس بھی چکرا کر رہ گئی ہے۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے درخواستگزار آصف کو فیروزوالا کی عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔