سرفراز احمد ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے کے لیے پر عزم

مجموعی طور پر نیوزی کیخلاف سیریز اچھی رہی: قومی کپتان کا دعوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 8 دسمبر 2018 13:01

سرفراز احمد ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے کے لیے پر عزم
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8دسمبر2018ء) نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد،ان کے نائب اسد شفیق اور فاسٹ باﺅلر میرحمزہ کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئے۔کپتان سرفرازاحمد کا کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کافی اچھی رہے تاہم تیسرے ٹیسٹ میں اچھی پوزیشن پر پہنچنے کے باوجود ٹیسٹ اپنے نام نہیں کرسکے ،تیسرے ٹیسٹ میںکئی مواقع ملنے کے باوجود میچ جیت نہ سکے،نیوزی لینڈ نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا،اس سیریز سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے جو اگلی سیریز میں کام آئے گا ۔

سرفراز احمد کاکہنا تھا کہ وہ مانتے ہیں کہ بلے بازوں نے اس سیریز میں لمبے رنز نہیں کیے جس کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

کپتان نے کہا کہ اس وقت ان کا فوکس اپنی کاکردگی سے زیادہ ٹیم پر ہے کیوں کہ اگر ٹیم کامیابیاں حاصل کرتی ہے تو سب کچھ بہتر ہوجاتا ہے،انھوں نے دعویٰ کیا کہ مجموعی طور پر دورہ اچھا رہا۔سرفراز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اپنی غلطیوں کو نہ دہرائیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی ،نیوزی لینڈ نے کھیل کے آخری روز 7 وکٹ پر 353 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دیا جسکے جواب میں قومی ٹیم 156 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 55 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی، ٹیسٹ کریئر کا آخری میچ کھیلنے والے محمد حفیظ اپنی آخری اننگز یادگار نہ بناسکے اور صرف 8 رنز پر ہی ٹم ساﺅتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔

اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رکے اور 5 رنز بنانے کے بعد گرینڈ ہوم کا شکار بنے۔ ان فارم مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل بھی امیدوں پر پورا نہ اترسکے اور صرف 9 رنزبنانے کے بعد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، حارث کے آﺅٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر پہلی اننگز میں تھری فیگر اننگز کھیلنے والے اسد شفیق کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔اوپننگ بلے باز امام الحق نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن 22 رنز پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور 28 رنز بناکر ولیم سمر ویل کا شکار بنے۔ بلال آصف اور یاسر شاہ کو ٹم ساﺅتھی نے پویلین بھیجا۔ بابراعظم نصف سنچری بنانےوالے واحد کھلاڑی رہے، وہ 51 رنز پر اعجاز پٹیل کا شکار بنے۔کھیل کے آخری دن نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز 272 رنز 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر کیا تو کین ولیمسن بغیر کسی رن کا اضافہ کیے پویلین لوٹ گئے۔ کین ولیمسن کے 139 رنز پر آﺅٹ ہونے کے بعد نکولس نے نیوزی لینڈ کا سکور آگے بڑھایا اور سنچری سکور کی، نکولس نے 126 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں 4 اور مجموعی طور پر میچ میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔