سی ٹی ڈی کی بہاولپور میں کامیاب کارروائی ،دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر پانچ دہشتگردوں کوگرفتار کر لیا گیا

خود کش جیکٹس ،ہینڈ گرینیڈ، ڈیٹو نیٹرز، جدید اسلحہ اور کرنسی برآمد ،دہشتگرد حساس ادارے کی عمارت کو نشانہ بنانیکی منصوبہ بندی کر رہے تھے گرفتار دہشتگرد القاعدہ انڈیا ( جنوبی ایشیاء شاخ) کے بڑے دہشتگردوں کو پاکستان میں سفر ، محفوظ پناہ گاہ اور مالی امداد فراہم کرتے تھے‘ ذرائع

ہفتہ 8 دسمبر 2018 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے بہاولپور میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر کالعدم تنظیموں کے پانچ دہشتگردوں کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے خود کش جیکٹس ،ہینڈ گرینیڈ، ڈیٹو نیٹرز، جدید اسلحہ اور کرنسی برآمد کر لی ،دہشتگرد وں کی جانب سے حساس ادارے کی عمارت کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی ۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق تھانہ صدر بہاولپور کے علاقے میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جو بہاولپور میں حساس ادارے کی عمارت کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )اور القاعدہ سے ہے جبکہ گرفتار ہونے والوں کی شناخت محمد طارق عرف حکیم عبد اللہ، اظہرسعید ،حافظ سجاد، دائود نذیراور قیصر حنیف سے ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹس، ہینڈ گرینیڈ، ڈیٹو نیٹرزاور دیگر جدید اسلحہ اور دہشتگردی میں معاونت کیلئے استعمال کے لئے رکھی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی ۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کو القاعدہ انڈیا (جنوبی ایشیاء شاخ)کی جانب سے جنوبی پنجاب میں حساس اداروں کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لئے بھیجا گیا ۔ اس دہشتگرد گروپ کا حقیقی تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) سے ہے لیکن کئی سال سے یہ گروپ القاعدہ انڈیا( جنوبی ایشیاء شاخ) سے منسلک ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتار دہشتگرد القاعدہ انڈیا ( جنوبی ایشیاء شاخ) کے بڑے دہشتگردوں کو پاکستان میں سفر ، محفوظ پناہ گاہ اور مالی امداد فراہم کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کو مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے بڑے انکشافات کا امکان ہے ۔