اقوام متحدہ کشمیر کی زمینی صورت حال جاننے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے ، میرواعظ

حکمران طبقہ اتنا خوفزدہ ہے کہ فوجی طاقت کے بل بوتے پر پورے کشمیر کو یرغمال بنا رکھا ہے ، بیان

ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس’’ع‘‘ گروپ کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق فوری طور ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن ، جموں کشمیر روانہ کریں جو بچشم خود یہاں حالات کا مشاہدہ کرے اور دیکھے کہ کس طرح کشمیری عوام کے حقوق طاقت کے بل پر سلب کر لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہاں حکمران طبقہ اتنا خوفزدہ ہے کہ انہوں نے فوجی قوت کے بل پر پورے کشمیر کو یرغمال بنایا ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کے سابقہ فوجی جنرلوں کے بیانات بھی آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی کشمیر میں حقوق انسانی صورت حال بارے یو این ایچ آر سی کی رپورٹ کو سراہا چکے ہیں ۔ تاہم یہ وقت ہے کہ اقوام متحدہ وادی کی صورت حال کا بغور جائزہ لینے کے لئے اپنی ٹیم بھیجے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقوق انسانی کے عالمی دن سے قبل ہی تمام حریت قائدین کی گرفتاریاں اور حریت کارکنوں پر چھاپے انتہائی قابل مذمت ہیں ۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیر میں بے گناہ افراد کے خلاف مظالم و تشدد کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ ۔