روپے کی گرتی ہوئی قدر حکومت کی ساکھ کو بھی گرا رہی ہی: شاہد رشید بٹ

ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:44

روپے کی گرتی ہوئی قدر حکومت کی ساکھ کو بھی گرا رہی ہی: شاہد رشید بٹ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ کا کہنا ہے کہ روپے کی گرتی ہوئی قدر حکومت کی ساکھ کو بھی گرا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے جاری کردہ بیان میں شاہد رشید کا کہنا تھا کہ ڈالر کی اڑان اور حکومت کا گراف ایک ساتھ اوپر نہیں جا سکتا، روپے کی گرتی ہوئی قدر حکومت کی ساکھ کو بھی گرا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈوبتی ہوئی اسٹاک مارکیٹ اور دیگر منفی معاشی اشارئیے حکومت کے لیے خطرہ بن رہے ہیں، غیر واضح صورتحال اورمعیشت کو لگنے والے دھچکے کاروباری برادری کے اعتماد کو لے ڈوبیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جنت نہ بنایا جائے مگر عوام سے روٹی بھی نہ چھینی جائے، ان کا موقف تھا کہ نعروں سے غریب عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔سرپرست اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز شاہد رشید کا کہنا تھا کہ تیرہ سو ارب کے گردشی قرضہ کے لیے قومی اثاثوں کو گروی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تو پھر سابقہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتراض کیوں کیا جا رہا تھا ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت کے پاس کوئی معاشی پروگرام ہے تو اسکی وضاحت کی جائے، وزیر اعظم کے قبل از وقت انتخابات کے بیان سے عدم استحکام کم نہیں ہو گا بلکہ اس میں اضافہ ہوگا۔