Live Updates

کچھ سیاسی جماعتیں کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر سیاست کررہی ہیں ،سعید غنی

ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:57

کچھ سیاسی جماعتیں کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر سیاست کررہی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں کراچی میں تجاوزات کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات پر جاری آپریشن پر سیاست کررہی ہیں جو ایک افسوس ناک عمل ہے۔ سندھ حکومت نے اس حوالے سے عدلیہ میں نظرثانی کی درخواست دائر کردی ہے اور اس کے بعد بھی ان سیاسی جماعتوں کا رویہ پوائنٹ اسکورننگ کے سوا کچھ نہیں ہے۔

اس اشیو پر جو دھرنا دینا چاہتا ہے وہ شوق سے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دے کیونکہ یہ کارروائی نہ مئیر کراچی کی ایما پر ہورہی ہے اور نہ ہی سندھ حکومت کے۔ فاروق ستار کو کوئی سہارا نہیں مل رہا ہے تو وہ اب سہارا تلاش کررہے ہیں۔ وزیر اعظم بل گریٹ کا سن کر انڈے اور مرغی کی معیشت چلانے لگے ہیں انڈے اور مرغی کی بات تو شیخ چلی نے بھی کہی تھی۔

(جاری ہے)

ناصری ایجوکیشن ٹرسٹ اس شہر میں تعلیم کے معیار اور تعلیم کی خدمت میں کوشاں ہے اور میں ان کی ان کاوشوں کو تہہ دل سے سراہتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایجوکیشن ٹرسٹ ناصر اسکول کے 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے نارتھ کراچی کیمپس میں منعقدہ تقرری اور شاعری مقابلے کے پروگرام میں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ایجوکیشن ٹرسٹ کے امیر فینسی، میڈم عصمہ رفیق، سنئیر صحافی محمود شام، ادریس غازی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ مجھے آج اس اسکول کی تقریب میں شرکت کرکے اور اس اسکول کے معیار تعلیم اور یہاں کے اسکول کو دیکھ کر اس بات کو کہنے میں کوئی حرج نہیں ہے کہ ایجوکیشن ٹرسٹ ناصرہ اس شہر میں تعلیم کے لئے جو خدمت کررہی ہے اس کی مثال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جن دوسری اور تیسری کلاس کے بچوں کو تقریر کرتے اور ان کے انداز کو دیکھا ہے تو میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں نے بھی اپنے بچپن میں ایسا کبھی نہیں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں ایجوکیشن ٹرسٹ ناصرہ اسکول کے ٹرسٹیز، یہاں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ آج کچھ سیاسی جماعتیں کراچی تجاوزات آپریشن پر سیاست کررہی ہیں جو ایک افسوس ناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور اپنی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر پہلے دن سے ہی ان متاثرین کی بحالی کے لئے کام کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جارہا ہے اور جلد ہی ان متاثرین کو کاروبار کی مکمل سہولیات فراہم کردی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں اس پر سیاست کررہی ہے اور اپنی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے ان متاثرین کے کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہیں دراصل وہ ان متاثرین کے خلاف سازش کررہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اس اشیو پر دھرنا دینا ہے تو وہ شوق سے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیں کیونکہ یہ آپریشن نہ مئیر کراچی کی ایما پر ہورہا ہے اور نہ ہی سندھ حکومت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس کو پورا کررہے ہیں لیکن ہم متاثرین کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اب کوئی سہارا نہیں ہے اور اب وہ اس اشیو پر اپنا سہارا ڈھونڈ رہے ہیں۔ عمران خان کے مرغی اور انڈے کے فلسفے کے سوال پر صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ شیخ چلی نے بھی انڈے اور مرغی کی بات کی تھی اور ہمارے وزیر اعظم کو جو کوئی کچھ کہتا ہے وہ کرتے ہیں ان کی اپنی کوئی سوچ نظر نہیں آتی اگر بل گریٹ نے مرغی اور انڈے کی معیشت کی بات کی تھی تو اس کا کیا انجام ہوا وہ بھی عمران خان کے مشیر ان کو بتلائیں۔

کراچی آپریشن کا ورلڈ بینک سے کوئی تعلق کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اور احکامات سپریم کورٹ نے دئیے ہیں اور اس میں ورلڈ بینک کا کیا تعلق بنتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کی بات کرنے والے عدلیہ کو مشکوک بنانے پر تلے ہوئے ہیں اور میں جناب جسٹس صاحب سے بھی اس حوالے سے ایکشن کا مطالبہ کروں گا۔ انہوںنے کہا کہ اس کیں ورلڈ بینک کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس میں ان کا کوئی کردار یا رول ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات