ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں (کل)آخری دو گروپ میچز کے فیصلے ہوں گے

پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے ہالینڈ کا چیلنج درپیش، ملائیشیا کا مقابلہ جرمنی سے ہو گا

ہفتہ 8 دسمبر 2018 17:26

ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں (کل)آخری دو گروپ میچز کے فیصلے ہوں گے
بھوبنیشور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) ایف آئی ایچ ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں (کل) اتوار کو آخری دو گروپ میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے ہالینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ ملائیشیا کو مضبوط جرمنی کا سامنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں آج اتوار کو آخری دو گروپ میچز کھیلے جائیں گے، گروپ ڈی کے ایک میچ میں پاکستان کو ہالینڈ اور دوسرے میچ میں ملائیشیا کو جرمنی کا چیلنج درپیش ہو گا، جرمنی کی ٹیم مسلسل دو میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، ہالینڈ کی ٹیم ایک میچ جیت کر دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اور ملائیشیا ایک میچ ڈرا کھیل کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں، جرمنی کی اگلے مرحلے تک رسائی یقینی ہو گئی ہے جبکہ ہالینڈ، پاکستان اور ملائیشیا میں سے دو ٹیموں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

اگر پاکستان ہالینڈ کے خلاف میچ ڈرا کھیلتی ہے اور دوسری جانب ملائیشیا کو جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس صورت میں ہالینڈ اور پاکستان دونوں اگلے رائونڈ تک رسائی حاصل کر لیں گے تاہم پاکستان اور ملائیشیا کی فتوحات کے نتیجے میں فیصلہ بہترین اوسط پر ہو گا۔ اسی طرح اگر پاکستان کو ہالینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ملائیشین ٹیم جرمنی سے جیت جاتی ہے تو اس صورت میں پاکستانی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی، دوسری جانب اگر پاکستان ہالینڈ کو ہرا دیتا ہے اور جرمنی ملائیشیا کو شکست دیتا ہے تو اس صورت میں بھی پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچ جائیں گی اور ملائیشیا کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔

دونوں میچز ڈرا ہونے کی صورت میں بھی بہترین اوسط کے ساتھ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیمیں اگلے رائونڈ میں جگہ بنا لیں گی۔