Live Updates

ایوان صدرکوعوام کیلئے کھولنے کا مقصد 70برسوں سے ایوان صدر اورعوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے،

ایوان صدرآنے والے لوگوں کاخیرمقدم کرتا ہوں، تاریخی نوعیت کی اشیاء اوردستاویزات کوبھی ایوان صدر میں عوام کیلئے رکھنا چاہتے ہیں ، صدرکا عہدہ وفاق کی علامت ہے، ایوان صدرکے دفاتر کو بھی عوام کیلئے کھولنے کی خواہش ہے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا ایوان صدر میں میڈیا اورایوان صدردیکھنے کیلئے آنیوالے شہریوں سے گفتگو

ہفتہ 8 دسمبر 2018 17:35

ایوان صدرکوعوام کیلئے کھولنے کا مقصد 70برسوں سے ایوان صدر اورعوام کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ ایوان صدرکوعوام کیلئے کھولنے کا مقصد ایوان صدر اورعوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے، ہماری دعوت پر ایوان صدرآنے والے لوگوں کاخیرمقدم کرتا ہوں، تاریخی نوعیت کی اشیاء اوردستاویزات کوبھی ایوان صدر میں عوام کیلئے رکھنا چاہتے ہیں ،کسی کا مخالف نہیں ، صدرکا عہدہ وفاق کی علامت ہے، ایوان صدرکے دفاتر کو بھی عوام کیلئے کھولنے کی خواہش ہے، ایوان صدر میں طلباء کے مطالعاتی دوروں کاخیرمقدم کرتے ہیں، دروازے کھلے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں میڈیااورایوان صدردیکھنے کیلئے آنیوالے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خاتون اول ثمینہ علوی بھی اس موقع پر صدرمملکت کے ہمراہ تھیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نمازظہر کے بعد ایوان صدر میں آنیوالے لوگوں سے گھل مل گئے۔شہریوں نے اس موقع پر صدر کا فقیدالمثال خیرمقدم کیا،اس موقع پرمیڈیا اورشہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ وہ آج یہاں آنیوالے شہریوں کاخیرمقدم کرتے ہیں، آج صبح سے ایوان صدر میں بچوں کے کھیلنے کے مناظر اوران کی آوازیں آرہی تھیں۔

صدرنے کہاکہ شہریوں نے آج نظم وضبط کامظاہرہ کیاہے، ایوان صدرخوبصورت جگہ ہے اورمیں یہاں آنیوالے تمام شہریوں کاخیرمقدم کرتاہوں اورہماری دعوت پر یہاں آنیوالے تمام لوگوں کا مشکورہوں، صدر نے کہاکہ کوشش ہے کہ مہینے میں دومرتبہ ایوان صدر کو عوام کیلئے کھولا جائے، ہم انتظامات کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں ، ایوان صدر کے برابر ایک پارک ہے ، کوشش کریں گے کہ اس پارک کو مستقل طورپر عوام کیلئے کھول دیا جائے ، اس ضمن میں سی ڈی اے کے ساتھ بات چیت کریں گے تاکہ ہفتہ میں 5 یا 6 دن پارک عوام کیلئے کھلا رہے۔

صدرمملکت نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ یہاں آنیوالے لوگ سارے ایریا میں گھوم سکیں، ایوان صدر میں وہ تاریخی ہال بھی ہے جہاں صدر،وزرائے اعظم ، وزراء، چیف جسٹس اورآئینی اداروں کے سربراہان حلف اٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو تاریخی عمارات،اشیاء اوردستاویزات دیکھنی چاہئیے۔ کوشش کریں گے کہ آئین پاکستان کی دستاویز کو بھی یہاں عوام کیلئے رکھا جائے،اسی طرح کراچی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اورقائدملت لیاقت علی خان کی اشیاء کو یہاں عوام کیلئے رکھنے کے ضمن میں اقدامات کئے جائیں گے۔

ایوان صدر کوعوام کیلئے کھولنے کے اقدام کاذکرکرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ اس کا مقصد 70 برسوں سے ایوان صدر اورعوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اورعوام کے درمیان تعلق قائم رہے۔ انہوں نے کہاکہ آج 8 سے لیکر 10 ہزار تک لوگ ایوان صدر آچکے ہیں، یہاں پانی کا مسئلہ پیش آیا تھا تاہم اسے فوری حل کرلیا گیا، آئند انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

یہاں عوام کیلئے سہولیات ہونی چاہئیے، مجھے خوشی ہے کہ آج عوام نے ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ وہ سکولوں اورکالجز کے طلباء کے ایوان صدر کے تفریحی دوروں کاخیرمقدم کریں گے، مطالعاتی دوروں کیلئے ایوان صدر کے دروازے کھلے ہیں۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ شہریوں کی جانب سے موبائل فون ایوان صدرنہ لانے کی شکایت کے حوالے سے اقدامات کئے جائیںگے ، میں عوام کیلئے انتظامات کرنے پر ایوان صدر کے عملے کے تعاون کا بھی مشکورہوں۔

ایک سوال پر صدرمملکت نے کہاکہ وہ کسی کے مخالف نہیں ، صدرکا عہدہ وفاق کی علامت ہے، صدر تمام سیاسی جماعتوں اورتمام شہریوں کا صدر ہوتا ہے۔ صدر مملکت نے مزیدکہا کہ مستقبل میں بزرگ شہریوں کیلئے الیکٹرک کارکا بندوبست کیا جائیگا۔ قبل ازیں حکومت کی جانب سے سرکاری عمارات عوام کے لیے کھولنے کے فیصلے کے ضمن میں ایوان صدر کو ہفتے کے روز عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا،جڑواں شہروں (اسلام آباد اور راولپنڈی) سمیت ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے لوگوں نے ایوان صدر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

ایوان صدر آنے والوں کو قومی شناختی کارڈ ہمراہ لانے کی تاکید کی گئی تھی جس کے بعد ہفتے کو صبح سے ہی بڑی تعداد میں لوگ ایوان صدر پہنچنا شروع ہو گئے جہاں شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں داخلے کی اجازت دی گئی۔ اس موقع پر شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان صدر سمیت وی آئی پی عمارات کے دروازوں کو عوام کے لیے کھولنے کا تحریک انصاف کی حکومت کا فیصلہ خوش آئند ہے، ماضی میں صرف طاقت اور اختیارات کے حامل لوگ ان سرکاری عمارات میں آتے تھے لیکن موجودہ حکومت نے انھیں عوام کے لیے کھول دیا ہے۔

سابق قبائلی علاقے سے آنے والے ایک طالب علم نے بتایا کہ اسے آج ایوان صدر کی پرشکوہ عمارت کی سیر کا موقع ملا،حکومت کا یہ فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے،اسے صرف قومی شناختی کارڈ دکھانے پر داخلے کی اجازت ملی۔ ایک اور شہری نے بتایا کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 20 سال سے رہ رہا ہے لیکن ایوان صدر دیکھنے کا موقع کبھی نہیں ملاتاہم آج ایوان یہ مقام دیکھنے کی خواہش پوری ہو گئی، یہ تحریک انصاف کی حکومت کا اچھا فیصلہ ہے۔

ایوان صدر کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کے لیے عام لوگوں واسطے کھولا گیا۔ قبل ازیں گورنر ہائوس کراچی، گورنر ہائوس لاہور اور گورنر ہائوس پشاور کو بھی عوام کے لیے کھولاجا چکا ہے۔ ہفتے کے روز ایوان صدر دیکھنے کے لیے آنے والوں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ بچوں نے ایوان صدر کے چڑیا گھر میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات