شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں نامور محقق اور نقاد ڈاکٹر تنویر عباسی کا 84واں یوم ِ ولادت منایا گیا

ہفتہ 8 دسمبر 2018 18:10

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکے ڈاکٹر تنویر عباسی کے ادارہ برائے تخلیقی ادب کے زیرِ اہتمام نامور محقق اور نقاد ڈاکٹر تنویر عباسی کا 84واں یوم ِ ولادت گزشتہ روز منایا گیا۔ یونیورسٹی کے پرووائیس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر تنویر عباسی قومی اثاثہ تھے۔

ان کی زندگی اور تخلیقی کام پر تحقیق وقت کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر خشک نے انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر مہر خادم کو ڈاکٹر تنویر عباسی کا یوم ِ ولادت منانے پر سراہا۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی نے ڈاکٹر تنویر عباسی کی ادبی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر تنویر عباسی قوم کے تخلیقی ادب کے محافظ تھے اب ان کے کام کو یاد رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

نامور محققین قربان منگی، اختر درگاہی، پروفیسر ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ، ڈاکٹر غلام محی الدین ویسر، پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شر، پروفیسر حسن شیخ، پروفیسر ابراہیم کھوکھر، ابراہیم کھرل اور امر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تنویر عباسی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے تخلیقی اور تحقیقی کام پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر مہر خادم ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر عباسی کے ادارہ برائے تخلیقی ادب نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں شرکاء کو بتایا کہ یہ ادارہ ڈاکٹر تنویر عباسی کے پیغام کو فروغ دینے میں دن رات مصروف عمل ہے۔

دو محققین ڈاکٹر تنویر عباسی کے ادبی کام پر ایم فل اور پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ تقریب میں اساتذہ، محققین اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

متعلقہ عنوان :