ایوان صدرکوعوام کیلئے کھولنے کا مقصد عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے ،ْعارف علوی

ہماری دعوت پر ایوان صدرآنے والے لوگوں کاخیرمقدم کرتا ہوں، تاریخی نوعیت کی اشیاء اوردستاویزات کوبھی ایوان صدر میں عوام کیلئے رکھنا چاہتے ہیں ،کسی کا مخالف نہیں ،ْ گفتگو

ہفتہ 8 دسمبر 2018 18:38

ایوان صدرکوعوام کیلئے کھولنے کا مقصد عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ ایوان صدرکوعوام کیلئے کھولنے کا مقصدعوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے، ہماری دعوت پر ایوان صدرآنے والے لوگوں کاخیرمقدم کرتا ہوں، تاریخی نوعیت کی اشیاء اوردستاویزات کوبھی ایوان صدر میں عوام کیلئے رکھنا چاہتے ہیں ،کسی کا مخالف نہیں ۔

وہ ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں میڈیااورایوان صدردیکھنے کیلئے آنیوالے شہریوں سے گفتگو کررہے تھے۔خاتون اول ثمینہ علوی بھی اس موقع پر صدرمملکت کے ہمراہ تھیں۔صدر مملکت نمازظہر کے بعد ایوان صدر میں آنیوالے لوگوں سے گھل مل گئے۔شہریوں نے اس موقع پر صدر کا فقیدالمثال خیرمقدم کیا،اس موقع پرمیڈیا اورشہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ وہ آج یہاں آنیوالے شہریوں کاخیرمقدم کرتے ہیں، آج صبح سے ایوان صدر میں بچوں کے کھیلنے کے مناظر اوران کی آوازیں آرہی تھیں۔

(جاری ہے)

صدرنے کہاکہ شہریوں نے آج نظم وضبط کامظاہرہ کیاہے، ایوان صدرخوبصورت جگہ ہے اورمیں یہاں آنیوالے تمام شہریوں کاخیرمقدم کرتاہوں اورہماری دعوت پر یہاں آنیوالے تمام لوگوں کا مشکورہوں، صدر نے کہاکہ کوشش ہے کہ مہینے میں دومرتبہ ایوان صدر کو عوام کیلئے کھولا جائے، ہم انتظامات کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں ، ایوان صدر کے برابر ایک پارک ہے ، کوشش کریں گے کہ اس پارک کو مستقل طورپر عوام کیلئے کھول دیا جائے ، اس ضمن میں سی ڈی اے کے ساتھ بات چیت کریں گے تاکہ ہفتہ میں 5 یا 6 دن پارک عوام کیلئے کھلا رہے۔

صدرمملکت نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ یہاں آنیوالے لوگ سارے ایریا میں گھوم سکیں، ایوان صدر میں وہ تاریخی ہال بھی ہے جہاں صدر،وزرائے اعظم ، وزراء، چیف جسٹس اورآئینی اداروں کے سربراہان حلف اٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو تاریخی عمارات،اشیاء اوردستاویزات دیکھنی چاہئیے۔ کوشش کریں گے کہ آئین پاکستان کی دستاویز کو بھی یہاں عوام کیلئے رکھا جائے،اسی طرح کراچی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اورقائدملت لیاقت علی خان کی اشیاء کو یہاں عوام کیلئے رکھنے کے ضمن میں اقدامات کئے جائیں گے۔

ایوان صدر کوعوام کیلئے کھولنے کے اقدام کاذکرکرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ اس کا مقصد 70 برسوں سے ایوان صدر اورعوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اورعوام کے درمیان تعلق قائم رہے۔ انہوں نے کہاکہ آج 8 سے لیکر 10 ہزار تک لوگ ایوان صدر آچکے ہیں، یہاں پانی کا مسئلہ پیش آیا تھا تاہم اسے فوری حل کرلیا گیا، آئند انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

یہاں عوام کیلئے سہولیات ہونی چاہئے، مجھے خوشی ہے کہ آج عوام نے ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ وہ سکولوں اورکالجز کے طلباء کے ایوان صدر کے تفریحی دوروں کاخیرمقدم کریں گے، مطالعاتی دوروں کیلئے ایوان صدر کے دروازے کھلے ہیں۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ شہریوں کی جانب سے موبائل فون ایوان صدرنہ لانے کی شکایت کے حوالے سے اقدامات کئے جائیںگے ، میں عوام کیلئے انتظامات کرنے پر ایوان صدر کے عملے کے تعاون کا بھی مشکورہوں۔ ایک سوال پر صدرمملکت نے کہاکہ وہ کسی کے مخالف نہیں ، صدرکا عہدہ وفاق کی علامت ہے، صدر تمام سیاسی جماعتوں اورتمام شہریوں کا صدر ہوتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل میں بزرگ شہریوں کیلئے الیکٹرک کارکا بندوبست کیا جائیگا۔