Live Updates

وسیم اختر کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، شہر قائد کو برباد کرنے کا نہیں،ڈاکٹرفاروق ستار

سپریم کورٹ کے احکامات کے آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے،سابق کنوینر ایم کیو ایم کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 8 دسمبر 2018 19:07

وسیم اختر کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، شہر قائد کو برباد کرنے کا نہیں،ڈاکٹرفاروق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) ایم کیو ایم کے سابق کنوینرڈاکٹر فاروق ستار نے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر میئر کراچی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ وسیم اختر کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، شہر قائد کو برباد کرنے کا نہیں،تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کے آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔

ہفتہ کو انسداددہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم پر ناجائز قبضہ ہٹائیں لیکن 50 سالوں سے قائم مارکیٹوں کو نہ ہٹائے۔تجاوازت پر دکاندار تاجروں سے مل کر پالیسی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ سارا ملبہ چیف جسٹس پاکستان پر گرایا جارہا ہے جبکہ چیف جسٹس اچھا کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

میئر کراچی کو ایسا نہیں کرنا چاہیئے تھا لیکن یہ لوگ مگر مچھوں کی طرح آنسوں بہارہے ہیں۔

انہوں نے مئیر کراچی سے سوال کیا کہ کیا آپ کو تحریک انصاف کی جانب سے اگلا میئر کراچی بنایا جارہا ہے۔فاروق ستار نے اپنے سابق ساتھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر آپ کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا،کراچی برباد کرنے کا ووٹ نہیں ملا۔ انہوں نے ایم کیوایم کو چیلنج کیا کہ اب آئو اور کراچی سے ووٹ لیکر دکھائو،دیکھتے ہیں کہ عوام بھی کیسے ووٹ دیتی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ عوام سے کاروبار چھینا جارہا ہے، 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، لوگوں کو بیروزگار کرکے جرائم کو بڑھایا جارہا ہے،کراچی اور پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین سے ملیں اور دیکھیں کہ ان کے حکم کے آڑ میں کیا کیا جارہا ہے، بغیر متبادل دیئے رہائشی علاقوں سے اسکول خالی کرائے جارہے ہیں، کے ایم سی کے دستاویزات کے مطابق کرایہ داروں کو متبادل دینا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات