موجودہ دور حکومت میں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ،جمال شاہ کاکڑ

ترقی کے دعویدارون نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن)

ہفتہ 8 دسمبر 2018 19:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری وسابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہے ۔ ترقی کے دعویدارون نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پارٹی کے سینئررہنماؤں میر گوہر خان مینگل ، محمد یونس بلوچ ، شاکر محمد حسنی ، سردار اللہ داد بڑیچ ، نصیر خان اچکزئی اور سردار تاج محمد زہری سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے کوئٹہ میں اُن سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

جمال شاہ کاکڑنے کہا کہ کوئٹہ میں گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ انتہائی تکلیف دہ زندگی گزاررہے ہیں ،غریب گھرانوں میں چولہے ٹھنڈے پڑنے سے زندگی مشکلات کا شکار ہے ، دوسری جانب ژوب میں بجلی نہ ہونے کے برابر ہے ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زراعت تباہ ہوچکی ہے پورے ضلع میں جنگل کا قانون نافذ ہے ، عوام سراپا احتجاج ہے لیکن حکمران غفلت کی نیند سورہے ہیں ، صرف اپنی مفادات کے حصول کیلئے جنگ لڑرہے ہیں ، عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں ، اُنہوں نے کہا کہ گیس پریشر سمیت ضلع ژوب میں بجلی بحال کیا جائے ، پارٹی عوام کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ رہے گی۔