سٹیٹس کو کی قوتیں ہمارے صوبے میں آخری سانسیں لے رہی ہیں، انہیں دفناکر چھوڑیں گے کیونکہ یہ معاشرے کے بگاڑکی ذمہ دار ہیں،محمودخان

ہفتہ 8 دسمبر 2018 19:13

سٹیٹس کو کی قوتیں ہمارے صوبے میں آخری سانسیں لے رہی ہیں، انہیں دفناکر ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم پشاور کا دورہ کریں گے جس میں شیلٹر ہوم کاباقاعدہ افتتاح اور 100 روزہ پلان پر تفصیلی بریفینگ دینے سمیت صوبے کی صوبائی کابینہ سے تفصیلی ملاقات بھی کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے صوبائی وزراء ، ایم پی ایز ، وفود اور مختلف اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے آئندہ پانچ سال کیلئے تبدیلی کی حتمی منزل کا تعین کرلیا ہے ۔ تمام شعبوں میں خدمات کی فعالیت ، کرپشن کے خاتمے ، میرٹ پر فیصلہ سازی ، موثر جوابدہی کے عمل کی تشکیل نو اور ایک مسلسل ویلفیئر کا خاکہ تیار کیا ہے ۔ ہم نے سٹیٹس کو کی طاقتور قوتوں کونکیل ڈال دی ہے،سٹیٹس کو کی قوتیں ہمارے صوبے میں آخری سانسیں لے رہی ہیں، انہیں دفناکر چھوڑیں گے کیونکہ یہ معاشرے کے بگاڑکی ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوںنے کہاکہ اگر ہم دیکھیں تو یہ قوتیں نہ صرف کرپشن کی ذمہ دار ہیں بلکہ انصاف ،معاشرتی اقدار اور میرٹ کی خلاف ورزی کے راستے ان قوتوں نے نکالے ہیں ۔ ہم آج جس دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں یہ سٹیٹس کو کی قوتوں کی پیدا کردہ ہے ۔ اب ہم نے عوام کو حقیقی انصاف دینا اور اُن کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے ۔ ہم نے ثابت کرنا ہے کہ اداروں کو کوئی اپنی مرضی کے تابع نہیں کر سکتا اور نہ ہی کوئی پسند وناپسند کے فیصلے ان اداروں کے ذریعے عوام پر ٹھونس سکتے ہیں۔

شفاف حکمرانی ہمارا مطمع نظر ہے۔ میرٹ کے خلاف اُٹھنے والے ہاتھ کو روکیں گے ۔ ناانصافی کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے ۔ شفاف اور فلاحی حکمرانی کے سفر میں ساری رکاوٹیںختم ہو جائیں گی ۔ ہماری حکمرانی میں پسے ہوئے عوام کے زخموں کا مداواہوگا۔ کسی کو کسی کا حق مارنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ فلاحی ریاست کے قیام کیلئے بے گھر اور پسے ہوئے طبقے کی محرومیاں ختم کرنی ہیں۔

ہمیں نچلی سطح پر چھوٹے چھوٹے اقدامات بھی کرنے ہیں اور غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ ، اُن کی بحالی اور اُنہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ہمہ گیر پلان بھی بنا لیا ہے ۔ ہم نے اداروں کو فعال کر دیا ہے ۔ کرپشن کرنے والوں کو اس سسٹم سے نکال کر علیحدہ کردیں گے ۔ شیلٹر ہوم کاقیام بنیادی نوعیت کا قدم ہے ۔ جس کے ذریعے بے گھر افراد کوچھت میسر ہو گی اور اُن کی خوراک، ٹرانسپورٹ سہولیات سمیت دیگر ضروریات اور دیکھ بھال کیلئے طریقہ کار موجود ہو گا۔

شیلٹر ہومز کا دائرہ صوبے کے بڑے بڑے شہروں تک پھیلایا جائے گا۔محمود خان نے کہاکہ آئندہ ہفتے کو صوبے کے 100 روزہ انقلابی پلان پر وزیراعظم کو ایک مفصل بریفینگ دی جائے گی جس میں تمام محکموں کی شارٹ ٹرم ، مڈٹرم اور لانگ ٹرم اہداف کا خاکہ شامل ہو گا۔ اور اسے آئندہ پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا تاکہ تبدیلی کے سفر کو مثبت انداز اور خوشگوار اثرات کو عوام حقیقی معنوں میں اپنی زندگی محسوس کر سکیں۔