وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا صوبے کے سرمایہ کاری بورڈ میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق خبروں کا نوٹس

جامع تحقیقاتی رپورٹ تین دن کے اندر پیش کرنے کی ہدایت

ہفتہ 8 دسمبر 2018 19:58

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا صوبے کے سرمایہ کاری بورڈ میں غیر ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے سرمایہ کاری بورڈ میں مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق خبروں کا نوٹس لیا ہے اور جامع تحقیقاتی رپورٹ تین دن کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، صوبے میں شامل ہونے والے 7 نئے اضلاع کیلئے جو روڈ میپ بنایا گیا ہے اور جومکمل انضمام کا روڈ میپ ہے اس پر مکمل یکسوئی کے ساتھ عمل درآمد جاری ہے ۔

صوبے کے تمام محکمے ما سوائے چار محکمے جوڈیشری ، پولیس، ریونیواور ایکسائز کے محکموں کی توسیع کیلئے آسان طریقہ کار وضع کیا جار ہا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے ضلع باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل کے پرائمری سکول میں سٹاف اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوںنے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال انضرگئی کاٹلنگ کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ علاج معالجے کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے جائیں۔

اسی طرح اُنہوںنے مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں کیٹگڑی ڈی ہسپتال میں غیر قانو نی طور پر رہائش پذیر افراد سے متعلق مکمل رپورٹ پیش کرنے اور اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ خصوصی افراد کے کنونس الائونس میں 2 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اُن کی جانب سے دی گئی منظوری کی ہدایات مختلف سرکاری محکموں کو ارسال کردی ہیں تاکہ اس پر فور ی عمل درآمد شروع کیا جائے ۔

اُنہوںنے صوبے کی جیلوں میں اصلاحات کیلئے موثر قانون سازی اور موجود قوانین میں اصلاحات پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سفارشات کو جلد ازجلد حتمی شکل دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے پشاور کی ضلعی حکومت بشمول ضلعی انتظامیہ اور ڈبلیو ایس ایس پی سے کوڑا کرکٹ اُٹھانے اور جدید سائنسی خطوط پر ٹھکانے لگانے کی ہدایت کی ہے ۔اُنہوںنے شمشتو ڈمپنگ سائیٹ کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سوات میں کمیونٹی سکولوں سے متعلق مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس کا مستقل حل تلاش کیا جا سکے ۔ ضلع خیبرمیں صحت کے 17 بی ایچ یوز کو فعال بنانے کی ہدایت کی ہے اور غیر حاضراہلکاروں کے خلاف ایکشن لینے کا حکم دیا ہے ۔