پاک بحریہ نے یوم گوادرجوش و جذبے سے منایا

ہفتہ 8 دسمبر 2018 20:18

پاک بحریہ نے یوم گوادرجوش و جذبے سے منایا
گوادر (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 دسمبر 2018ء) پاک بحریہ نے 60 واں یوم گوادر ملی جوش و جذبے سے منایا ۔اس سلسلے میں پاک بحریہ کے زیر انتظام متعدد تقریبات کا انعقاد کیا گیاتاکہ مقامی افراد میں قومیت کے تصور کو فروغ دیا جا سکے۔ دن کی مرکزی تقریب پاک بحریہ کی گوادر میں واقع بیس پی این ایس اکرم میں منعقد کی گئی،سابق امیرالبحر ایڈمرل افتخار احمد سروہی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل معظم الیاس بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ ​پاک بحریہ کی گوادر میں واقع اسٹیبلیشمنٹ پی این ایس اکرم میں پرچم کشائی کی سادہ مگر پر وقار تقریب منعقد کی گئی ۔ اس کے علاوہ مقامی افراد کے مابین کشتیوں کی ریس، ریلیاں اور فٹ بال کے میچ بھی منعقد کئے گئے۔ان مقابلوں میں شریک افراد کا جوش و خروش دیدنی تھا جبکہ حاضرین ان مقابلوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کے زیر انتظام ان تقریبات کے انعقاد کا مقصد مقامی افراد میں تاریخ کی آگہی، بہتر ماحول اور مختلف طبقات کے مابین باہمی ہم آہنگی کا فروغ تھا۔ ​یوم گوادر ہر سال 8 دسمبر کو گوادر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی یاد میں منایا جا تا ہے۔ گوادر 1783 سے1958 تک سلطنت عمان کا حصہ رہا ۔ 1958 میں جب گوادر باقاعدہ طور پر پاکستان کا حصہ بنا تو لیفٹینینٹ افتخار احمد سروہی کی قیادت میں پاک بحریہ کی ایک پلاٹون یہاں تعینات کی گئی اور پہلی بار پاکستان کا جھنڈا گوادر کی سرزمین پر لہرایا۔

​پاک بحریہ ان اولین سرکاری اداروں میں سے ہے جنہوں نے گوادر میں اپنے کام کا آغاز کیا یہی وجہ ہے کہ پاک بحریہ ہمیشہ گوادر اور اس کے مقامی افراد کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے کوشاں رہی ہے۔بلوچستان خصوصا گوادر میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں پاک بحریہ کی کاوشیں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے قیام کو ممکن بنانے میں بحریہ کا نمایاں کردارس خطے کی ترقی کے لیے پاک بحریہ کے اس عزم کا اظہار ہے۔ ​ ​مقامی معززین اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے یوم گوادر کی مناسبت سے پاک بحریہ کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کی