Live Updates

ملکی معیشت کی حالت تسلی بخش نہیں ، ملکی ایکسپورٹ اور امپورٹ میں توازن پیدا کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں‘گورنر پنجاب

ماضی میں حکومت نے مینو فیکچرنگ انڈسٹری کی سرپرستی نہیں کی جس کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ،سمگلنگ نے ہماری انڈسٹری کو تباہ کیا ،معیشت کی بحالی کیلئے بزنس کمیونٹی کی مشاور ت سے پالیسیاں مرتب کی جائیں گی اگر ہم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو نہ صرف ہمارے بلکہ پوری مسلم امہ کے مسائل حل ہو سکتے ہیں‘ملک رفیق رجوانہ

ہفتہ 8 دسمبر 2018 20:24

ملکی معیشت کی حالت تسلی بخش نہیں ، ملکی ایکسپورٹ اور امپورٹ میں توازن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آج مسلم امہ کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہا ڑ توڑے جا رہے ہیں ،مسلم امہ کے 60ممالک ہونے کے باوجود یہودیوں سے اپنا قبلہ اول آزاد نہیں کروا یا جاسکا،نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج گولیاں بر سا رہی ہے مگر سپر طاقتیں آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔

،اگر ہم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو نہ صرف ہمارے بلکہ پوری مسلم امہ کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے آج نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سینٹر ولید اقبال ،مشیر وزیر اعلی پنجاب چوہدری محمد اکرم ، ممتاز عالم دین مولانہ طارق جمیل ، جسٹس (ر) خلیل الر حمن ، میاں فاروق الطاف ، ملک غلام ربانی ، علمائے کرام اور مختلف طبقہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ حضور اکرم ﷺنے امت کو اتحاد و اتفاق ،باہمی احترام اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا درس دیا مگر آج ہمارا معاشرہ تقسیم در تقسیم ہو چکا ہے۔ فرقہ وارانہ اور مسلکی اختلافات نے قومی یکجہتی کے لئے سنگین چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں سیرت النبیﷺ ہمیں رہنما اصول فراہم کرتی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دشمن نا پاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیرت نبویﷺ ایک ایسا روشن مینار ہے جس کی طرف رجوع کر کے نہ صرف ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں بلکہ وطن عزیز کو صحیح معنوں میں اسلام کا قلعہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو حضور پاک ﷺ کا روحانی فیض قرار دیا تھا۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 13 ویں نیشنل تھیلیسیمیا کانفرنس اینڈ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریض کے علاج کے ساتھ ساتھ لوگوں میں اس بیماری سے بچا کے لئے آگاہی پیدا کی اشد ضرورت ہے ۔

ماضی میں تھیلیسیمیا کی بیماری کے تدارک کے لئے جامع اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو علاج کی مناسب سہولیات فراہم نہ کی جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تھیلیسیمیا کے مرض کو کنٹرول کرنے کے لئے قانون سازی کر رہی ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب تھیلیسیمیا پریونشن پروگرام کے تحت حکومت پنجاب اس موروثی بیماری سے بچا کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور چار ریجنل سنٹرز لاہور ، راولپنڈی ، ملتان اور بہاولپور میں قائم کئے گئے ہیں ۔

ہر ریجنل سنٹر کو مختلف اضلاع کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مرض کی بچے کی پیدائش سے پہلے تشخیص کرنے کی سہولیات ان چاروں سنٹروں پر فراہم کی جا رہی ہیں ۔ حکومت اس پراجیکٹ کی سہولیات کا دائرہ کار مزید بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت پنجاب تھیلیسیمیا کے مرض پر قابو پانے کیلئے قانون سازی کر رہی ہے اور اس سلسلے میں شادی سے قبل دو لہا کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں تھیلیسیمیا کے علاج کی سہولت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کی 52 سوسائٹیاں تھیلیسیمیا فیڈریشن آف پاکستان کی چھتری تلے کام کر رہی ہیں ۔ اس موقع پرایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بھٹی ، سابق گورنر سندھ معین الدین حیدر اور وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عامر زمان خان نے بھی خطاب کیا۔

بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے سپر ایشیا انڈسٹریز کی موٹر سائیکل اور منی لوڈر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی حالت تسلی بخش نہیں ، ملکی ایکسپورٹ اور امپورٹ میں توازن پیدا کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

معیشت کی بحالی کے لئے بزنس کمیونٹی کی مشاور ت سے پالیسیاں مرتب کی جائیں گی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سمگلنگ نے ہماری انڈسٹری کو تباہ کیا ہے ۔حکومت سمگلنگ کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے مینو فیکچرنگ انڈسٹری کی سرپرستی نہیں کی جس کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں حکومت بزنس کمیونٹی کے لئے ساز گار ماحول فراہم کرے گی اور بین الاقوامی منڈیوں تک کی رسائی کے لئے ہر ممکن مدد کرے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات