کراچی،جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدائے سندھ پولیس کی جرات و بہادری کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں ،گورنرسندھ

حکومت ایک آزاد اور بااختیار پولیس کا ویژن لیکر آگے بڑھ رہی ہے، سندھ پولیس کی فلاح و بہبود ، بچوں کی بہتر اور معیاری تعلیم ، رہائش، سفری سہولیات سمیت صحت مندانہ سہولیات کی فراہمی میں وفاقی حکومت آپ کے ساتھ ہے،عمران اسماعیل کا قائداعظم پولیس میڈلز اور صدارتی پولیس میڈلز کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 8 دسمبر 2018 22:06

کراچی،جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدائے سندھ پولیس کی جرات و بہادری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدائے سندھ پولیس کی جرات و بہادری کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں ، ان کے کارہائے نمایاں ناقابل فراموش اور بے مثال ہیں جبکہ شہدائے پولیس کے ورثاء کے صبرواستقامت اور حوصلے کی بھی تعریف کرونگا کہ جنہوں نے اپنے پیاروں کی شہادت کو ہنسی خوشی قبول کرکے عزم و حوصلے کی مثالیں قائم کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں منعقدہ قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدارتی پولیس میڈلز تفویض کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی گلگت بلتستان ڈاکٹر ثنا ء اللہ عباسی سمیت تین ریٹائرڈ آئی جیز جن میں فیاض علی لغاری ، واجد علی خان درانی اور صعود مرزا کے علاوہ 16 شہید پولیس افسران سمیت کل 46پولیس افسران کو قائد اعظم پولیس میڈل اور صدارتی پولیس میڈل دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ میں کیو پی ایم (QPM) اور پی پی ایم (PPM) پانے والے ان غازی پولیس افسران اور جوانوں کی خدمات کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو جرائم کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور محکمہ پولیس کے لئے انکے کارہائے نمایاں ناصرف مشعل راہ بلکہ قابل تقلید ہیں۔ سندھ پولیس کارکردگی کے لحاظ سے اپنا نمایاں مقام رکھتی ہے اور ا س بات کا اعتراف وفاقی سطح پر بھی کئی بار کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک آزاد اور بااختیار پولیس کا ویژن لیکر آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس کی فلاح و بہبود ، بچوں کی بہتر اور معیاری تعلیم ، رہائش، سفری سہولیات سمیت صحت مندانہ سہولیات کی فراہمی میں وفاقی حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کو مہذب بنانے کا عمل قانون کی رٹ اور آئین پاکستان اور اس کی روح اور ترجیحات کے عین مطابق عمل داری کا متقاضی ہے اور ان تمام تر ترجیحات میں پولیس کا کردار بحیثیت انفرادی اور مجموعی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ میں آج اس تقریب میں قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدارتی پولیس میڈلز پانے والے تمام شہدائے سندھ پولیس کے ورثاء اور غازی پولیس افسران اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اپنے عزم ، حوصلے ، برداشت اور بہادری کے اس تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے باالخصوص کراچی سمیت پورے سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار بخوبی انجام دیتے رہیں گے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے پولیس ویلفیئر اکائونٹ کے لئے مبلغ پانچ لاکھ روپے ڈونیشن کا بھی اعلان کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا کہ 12 سال کے طویل عرصے کے بعد اس تقریب کا انعقاد گورنر ہائوس میں ہو رہا ہے یہ اہم دن ہے، پولیس نے اپنے فرائض اور ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی ہیں،دن رات محنت کی بدولت ہی صوبہ بالخصوص کراچی کا امن بحال ہواجبکہ پولیس کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔عوام کی خدمت کو مزید موثر بنانے کے لئے پولیس ریفارمزپر جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وکٹم پروٹکشن کا پروگرام بھی شروع کیا ہے۔ پولیس کو اپنی کارکردگی اور رویہ میں مزید بہتری لانی ہوگی۔ #