کراچی، متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان

ایس ایس جی سی سسٹم میں پریشرکی کمی ہوئی ہے، کچھ علاقو ں میں مختصرمدت تک گیس کاپریشرکم رہے گا، ترجمان ایس ایس جی سی

ہفتہ 8 دسمبر 2018 22:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) شہر قائد میں گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے، کئی علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق موسم سرما شروع ہوتے ہی کراچی کے متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی،چند علاقوں میں گیس کا پریشر گر گیا، جبکہ کہیں کہیں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال کے تمام بلاکس، گلستان جوہر اور اسکیم 33 میں گیس کی فراہمی بند ہوگئی،گلشن معمار، احسن آباد، اوٹاوا، نیوکراچی، نارتھ کراچی، ناظم اباد کے مختلف علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی میں تعطل کی شکایات موصول ہوئیں.شہر کے دیگرعلاقوں سے بھی گیس پریشرمیں کمی کی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ عوام کو مشکلات درپیش ہیں۔اس ضمن میں ترجمان ایس ایس جی سی کا موقف بھی سامنا آیا ہے، جس کے مطابق ایس ایس جی سی سسٹم میں پریشرکی کمی ہوئی ہے، جس کے باعث کچھ علاقو ں میں مختصرمدت تک گیس کاپریشرکم رہے گا۔ترجمان ایس ایس جی سی نے گیس کی جلد بحالی کی یقین دہانی کروائی ہے۔