Live Updates

ْوزیر اطلاعات و نشریات سے متعلق کوئی بات نہیں کی، مجھ سے منسوب باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 8 دسمبر 2018 22:56

ْوزیر اطلاعات و نشریات سے متعلق کوئی بات نہیں کی، مجھ سے منسوب باتیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراطلاعات و نشریات سے متعلق کوئی بات نہیں کی، فواد چوہدری میرا بھائی ہے، مجھ سے منسوب باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میں وزیر اطلاعات بننے کی بات کروں،میں فواد چوہدری کو بہترین وزیر اطلاعات سمجھتا ہوں اور ان کی جگہ لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ادھر کی ادھر ہو سکتی ہے لیکن میں وزیر اطلاعات بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کا کام دنیا کا سب سے مشکل ترین کام ہے جسے فواد چوہدری بہترین طریقے سے نبھا رہے ہیں وہ انتھک محنتی اور ایک بہادر وزیر اطلاعات ہیں جس کی ملک و قوم کو بہت ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں یہ بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کوئی یہ بات سوچے بھی نہ کہ میں فواد چوہدری کے خلاف کوئی بات کروں گا یا فواد چوہدری کی جگہ لوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا وزیر اطلاعات بننے کا نہ تو کوئی شوق ہے اور نہ ہی کبھی بنوں گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اپنی وزارت ریلوے سے بہت خوش ہوں، وزیراعظم عمران خان نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے وزارت ریلوے کا قلمدان سونپا اور میں وزارت ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہوں، رواں ماہ کی 25 تاریخ کو ہمارا کراچی سے لیکر پشاور تک نئی پٹڑی کا بہت اہم معاہدہ ہو رہا ہے جس کو ثبوتاژ نہیں ہونے دوں گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غلط اور بے بنیاد خبریں چلانے والوں کو اللہ ہدایت دے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات