موٹرسائیکل اورگاڑیاں اپنے نام رجسٹرڈ کروانے کے لیے دس روز کی مہلت

دس روز کی مہلت ختم ہونے کے بعد ناکے لگا کر کاروائی کی جائے گی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 8 دسمبر 2018 22:56

موٹرسائیکل اورگاڑیاں اپنے نام رجسٹرڈ کروانے کے لیے دس روز کی مہلت
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-08 دسمبر 2018ء) :لاہور شہر میں چلنے والی موٹرسائیکل اورگاڑیاں اپنے نام رجسٹرڈ کروانے کے لیے دس روز کی مہلت دے دی گئی جس کے بعد ناکے لگا کر کاروائی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق 27 نومبر کولاہور ہائیکورٹ میں ہیلمٹ کی اہمیت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جس میں سی ٹی او لاہور نے ہیلمٹ کی پابندی سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ٹریفک قوانین کی پابندی کرانے پر سی ٹی او کوشاباش دی۔ سی ٹی او نے عدالت کو بتایا کہ یکم دسمبر سے ٹریفک رولز پر من و عن عمل کرایا جائے گا۔سی ٹی او نے اپنی رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا کہ ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے پر 2 لاکھ سے زائد چالان کیے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ335408موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے،صرف مال روڈ پر 42832موٹر سائیکلسٹ کو چالان ٹکٹ جاری کئے۔

(جاری ہے)

یکم دسمبر سے کوئی بھی بغیر ہیلمٹ اورسائیڈمررز مال روڈ پر نہیں آئے گا،ابتدائی طور پر مال رو ڈسے سختی کی جائے گی،لین لائن اور سٹاپ لائن کی پابندی کا اطلاق شہر بھر میں کروایا جائیگا۔تاہم لاہور ہائیکورٹ نے یکم دسمبر سے موٹرسائیکل سوار دونوں افراد پر ہیلمٹ کی پابندی لازمی قرار دےدی ۔ یکم دسمبرسے دونوں موٹر سائیکل سوار کی ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے پر چالان ہو گا عدالت نے حکم دیا کہ سائیڈ مرر نہ لگانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے۔

موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ کی پابندی لازم ہونے کے بعد بغیر ہیلمٹ والے موٹر سائیکل سواروں کا چالان کیا جارہا ہے۔ہیلمٹ کی پابندی کے علاوہ ای چالاننگ بھی لاہور شہر میں لاگو کر دی گئی ہے تاہم اس حوالے سے سیف سٹی اتھارٹیز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔پریشانی یہ ہے کہ لاہور شہر میں چلنے والی دس لاکھ گاڑیاں، موٹر سائیکل اور رکشہ سمیت دیگر ٹرانسپورٹ اوپن لیٹر پر چل رہی ہے۔

جس کے باعث سیف سٹی اتھارٹیز کو ای چلاننگ کے سلسلہ میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس کے علاوہ اس باعث ایکسائز کا محکمہ بھی بڑے ریونیو سے محروم رہ جاتا ہے۔تاہم اس حوالے سے اب تازہ ترین خبر یہ ہے کہ آئندہ دس دن میں موٹرسائیکل اورگاڑیاں اپنے نام رجسٹرڈ کروانے کا حکم دیدیاگیا۔ دس روز کی مہلت کے بعد سڑکوں پر ناکے لگاکر اوپن لیٹریا کسی دوسرے کے نام پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔