مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ، کئی مکانات تباہ کر دیے،احتجاجی مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں،پانچ فورسز اہلکار زخمی

ہفتہ 8 دسمبر 2018 23:24

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج سرینگر میں کئی مکانات کوبارودی مواد سے اڑاکر تباہ کردیا ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے یہ مکانات سرینگر کے علاقے مجگنڈ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران تباہ کئے۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔

(جاری ہے)

لوگوں نے بھارتی فورسز کی کارروائی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس سے پہلے اسی علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فورسز کے درمیان ایک جھڑپ میں پانچ فورسز اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ زخمی اہلکاروں میں بھارتی فوج اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک ایک اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے تین اہلکار شامل ہیں۔