سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس میں گرفتار ، ضمانت پر رہا اور مفرور ملزمان کی تفصیلات طلب کرلیں

ہفتہ 8 دسمبر 2018 23:53

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس میں گرفتار ، ضمانت پر رہا اور مفرور ملزمان کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ مفرور افراد کی گرفتاری کیلئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ ہفتہ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کررہے ہیں، دو ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے، پیراگون کے اصل مالکان خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ہیں جن کی درخواست ضمانت منگل کے روز کیلئے مقرر ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایل ڈی اے سٹی کتنی کمپنیوں کا جوائنٹ وینچرتھا۔ جس پر ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ پاک اسٹیٹ، معمار، پیراگون، اربن ڈیلپپرز اور ایلفا کا جوائنٹ وینچر تھا۔چیف جسٹس نے گرفتار، ضمانت پر رہا اور مفرور ملزمان کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ مفرور افراد کی گرفتاری کیلئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں، عدالت کو آگاہ کیا جائے، یہ بھی بتایا جائے کہ کیا بیرون ملک فرار ہونے والے افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے۔