شوہر کی محبت جانچنے کے لیے عورت کا اپنے ہی بیٹے کو اغوا کرنے کا ڈراما

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 8 دسمبر 2018 23:54

شوہر کی محبت جانچنے کے لیے عورت کا اپنے ہی بیٹے کو اغوا کرنے کا ڈراما

ایک چینی ماں نے مبینہ طور پر اپنے 11 سالہ بیٹے کو شوہر کی محبت جانچنے کے لیے اغوا  کر لیا ۔ لڑکے کی 33 سالہ ماں نے یوئچنگ سٹی میں جمعے کو گمشدگی کی جعلی رپورٹ درج کرائی۔ اس نے اغوا کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے  پولیس کو بتایا کہ اس کے بیٹے کو آخری بار سکول کے پاس دیکھا گیا تھا، اس کے ساتھ ہی اس  نے پولیس کو اپنے بیٹے کا حلیہ اور کپڑوں کے بارے میں بتایا۔

پولیس نے اس کیس کو سب سے زیادہ اہمیت دی اور اس کے لیے بہت سے ذرائع بھی مختص کیے گئے۔پولیس نے یوئچنگ سٹی اور مضافات میں لڑکے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ یہ خبر اس وجہ سے بھی وائرل ہوئی کہ خاندان نے لڑکے کی تلاش میں معاونت کرنے والے کے لیے 5 لاکھ یوان یا 72 ہزار ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس حوالے سے کئی مضامین بھی لکھے گئے جو چینی سوشل میڈیا ایپ ویبو پر کروڑوں بار پڑھے گئے۔

(جاری ہے)

ہر کوئی بچے کے لیے فکر مند تھا لیکن 11 سالہ لڑکا ہوانگ اپنے رشتے داروں کے پاس بالکل محفوظ تھا۔
پانچ دن کی تلاش کے بعد پولیس  کو پتا چلا کہ لڑکے کی ماں ، شن، شروع سے ہی جھوٹ بول رہی تھی۔شن کے بیان کیے گئے وقوعے  کی پارکنگ لاٹ کی  سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتا چلا کہ شن نے ہوانگ کو گاڑی میں بیٹھنے کا کہا اور خود اس کی گمشدگی کی جعلی رپورٹ لکھوانے آ گئی۔

پولیس نے اس کار کی تلاش شروع کر دی، جس میں ہوانگ کو بیٹھے دیکھا گیا تھا۔ کار کی تلاش میں پولیس ایک گاؤں پہنچی تو ہوانگ اپنے رشتے داروں کے گھر موجود تھا۔
پولیس نے غلط معلومات  تخلیق کرنے اور پھیلانے پر شن کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے جاری بیان کے مطابق شن کا اپنے شوہر سے جھگڑا  ہوا تھا، جس کے بعد اپنے شوہر کی محبت جانچنے کے لیے شن نے خود ہی ہوانگ کے اغوا کا ڈراما کیا تھا۔


اس کیس کے حل ہونے پر جہاں کئی لوگوں نے سکھ کا سانس لیا وہیں بہت سے لوگوں نے اپنے غصے کا اظہار بھی کیا۔ لوگ خوش ہیں کہ لڑکا مل گیا لیکن شن پر غصہ  ہیں ا ور چاہتے ہیں  کہ اسے سخت سزا ملے۔
چین میں اغوا کافی حساس معاملہ ہے۔ چین میں ہر سال 70 ہزار بچے اغوا کر کے چور بازار میں فروخت کر دئیے جاتے ہیں۔ ان میں سے کچھ ہی دوبارہ مل پاتے ہیں۔ اسی وجہ سے بچے کے اغوا کا ڈراما کرنے پر لوگوں کو شدید غصہ ہے۔