کراچی دھماکے میں ایم کیو ایم کی قیادت بال بال بچ گئی

ہمارے زیراہتمام محفل میلاد کو نشانہ بنایا گیا ، ہمارے کارکنان زخمی ہوئے ہیں،فیصل سبزواری

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 9 دسمبر 2018 01:01

کراچی دھماکے میں ایم کیو ایم کی قیادت بال بال بچ گئی
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 دسمبر 2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما و وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور خواجہ اظہار الحسن دھماکے میں محفوظ رہے۔فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہمارے زیراہتمام محفل میلاد کو نشانہ بنایا گیا ، ہمارے کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے پرفیوم چوک میں محفل میلاد کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔یہ محفل میلاد ایم کیوایم پاکستان کے زیراہتمام منعقد کیا گیا تھا ۔

اس میلاد میں دھماکے کے وقت وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی سمیت خواجہ اظہار الحسن اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔دھماکے کے ہوتے ہی ہر جانب زخمی پڑے ہوئے تھے ۔اس موقع پر مقامی شہریوں نے اپنے مدد آپ کے تحت زخمیوں کو منتقل کرنا شروع کردیا گیادھماکہ ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی امدادی کاروائیاں شروع کر دی گئیں۔زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے منعقد محفل میلاد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اس میں خواجہ اظہار الحسن ،خالد مقبول صدیقی کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی ہے تاہم امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں ۔ایس ایس پی ایسٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ کریکر کا لگتا ہے۔سیکیورٹی کے حوالے سے انکا بتانا تھا کہ پولیس کو اس محفل کے حوالے سے اطلاع نہیں دی گئی تھی جبکہ نہ ہی اس کی اجازت لی گئی تھی۔