پانچ سالوں میں سینمائوں کی تعداد ایک ہزار تک لیجانے کاعزم خوش آئند ہے ‘ شوبز شخصیات

دوسرے ممالک کیساتھ فلم ،سرٹیفکیشن اور تربیت کیلئے فنڈ کے قیام کی تجویز بہترین سوچ ہے ،حکومت فلمسازی کیلئے سرمایہ کاری کرے

اتوار 9 دسمبر 2018 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) شوبز حلقوں نے حکومت کی جانب سے آئندہ پانچ سالوں میں ملک بھر میں سینمائوں کی تعداد ایک ہزار تک لیجانے کے عزم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فلمسازی کیلئے بھی سرمایہ کاری کرے ۔

(جاری ہے)

سینئر ہدایتکار سید نور ،شان ، ثناء ،ریشم ، معمر رانا اور سعود نے اپنے بیانات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی جانب سے برطانوی ادارے کے ساتھ فلم ،سرٹیفکیشن اور تربیت کیلئے فنڈ کے قیام کی تجویز بہترین سوچ ہے اسی طرز پر دوسرے ممالک خصوصا ً مسلمان ممالک کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جانی چاہیے جس سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو ایک نئی جہت ملے گی ۔

ان شخصیات نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے پاکستان میںموجود187 سینمائوں کی تعداد کو آئندہ پانچ سال میں بڑھا کر ایک ہزار تک لے جانے کا بیان خوش آئند ہے لیکن اس کے ضروری ہے کہ پاکستان میں اس تعداد میں فلمیں بھی بنیں۔ موجودہ حالات میں کوئی سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار نہیں اس لئے حکومت آگے بڑھے اورفلمسازی کے لئے جوائنٹ ونچر کرے جس سے نہ صرف ہماری انڈسٹری کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے اربوں روپے کی آمدن بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔