ہسپانوی کوسٹ گارڈز نے 30 سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو بچا لیا

مہاجرین میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ،ساحل پر پہنچانے کے فوری بعد طبی امداد فراہم کی گئی

اتوار 9 دسمبر 2018 12:50

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) اسپین کی حکومت کے مطابق ہسپانوی کوسٹ گارڈز نے تینتیس غیر قانونی تارکین وطن کو کھلے سمندر سے زندہ بچا لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان مہاجرین میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے، جسے ساحل پر پہنچانے کے فوری بعد طبی امداد فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

یہ افراد ایک چھوٹی کشتی پر سوار ہو کر آبنائے جبرالٹر کو عبور کر کے اسپین پہنچنے کی کوشش میں تھے۔ یہ افراد بحیرہ روم کی تجارتی گزرگاہ سے ہٹ کر مشکل سمندری راستے کے ذریعے شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنا چاہتے تھے۔ دوسری جانب مہاجرین کی بین الاقوامی ایجنسی آئی او ایم کے مطابق رواں برس کے دوران ساٹھ ہزار سے زائد افریقی مہاجرین اسپین پہنچ چکے ہیں۔