حکومت کے ہنی مون کے دن گزر گئے اب اسے کچھ کر کے دکھانا ہوگا‘ سراج الحق

حکومت بتائے چار ماہ میں مدینہ کی ریاست کی طرف کون سا قدم اٹھایا، چین جاتے ہیں تو کہتے ہیں چائنا ماڈل بہت اچھا ہے‘ امیر جماعت اسلامی

اتوار 9 دسمبر 2018 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آنے کے بعد سے مہنگائی میں اضافہ ہوا جس سے ہر شخص پریشان ہے ،حکومت کے ہنی مون کے دن گزر گئے اب اسے کچھ کر کے دکھانا ہوگا،حکومت نے جتنے اعلانات کیے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ ہر اعلان صرف اعلان ہے لیکن اب اسے اعلانات کے بجائے کام کر کے دکھانا ہے۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزرا ء آپس میں لڑ رہے ہیں ،ایک دوسرے کیخلاف بیانات دے رہے ہیں، حکومت نے یہی فتوی اور فلسفہ دیا کہ یوٹرن لینا ہی فلسفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خود اعلان کیا کہ ان کے لیے مدینہ کی ماڈل ریاست ہے، حکومت بتائے چار ماہ میں مدینہ کی ریاست کی طرف کون سا قدم اٹھایا، حکمران چین جاتے ہیں تو کہتے ہیں چائنا ماڈل بہت اچھا ہے، حکومت کو یکسوئی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے نام پر6 ہزار مکان گرائے گئے، غیر آباد مقامات عوام کو لیز پر دیا گیا جسے لوگوں نے آباد کیا اور آج گرا دئیے گئے ہیں، گونگے اور اندھے بن کر آپریشن کرنا انصاف نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم نے ابھی تحریک چلانے کا فیصلہ نہیں کیا لیکن قوم کی ترجمانی کریں گے۔موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ کیا لیکن اس پر عمل نہیں کیا، حکومت آنے کے بعد مہنگائی میں اضافہ ہوا، چنے کی پلیٹ سے لے کر ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے،کیا وجہ ہے کہ نارمل صورتحال میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے۔