صوبائی وزیرتعلیم مراد راس اپنی سو روزہ کاکردگی بتانے میں ناکام

صحافی کے سخت سوالات کے بعد ڈاکٹرمراد راس جواب دئیے بغیر گاڑی میں بیٹھ گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 9 دسمبر 2018 14:28

صوبائی وزیرتعلیم مراد راس اپنی سو روزہ کاکردگی بتانے میں ناکام
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 دسمبر 2018ء ) :صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس اپنی سو روزہ کارکردگی پر تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔صحافی کے بار بار پوچھنے پر فنڈز کی کمی کا جوا ز پیش کرتے رہے۔سخت سوالات کا جواب دینے کی بجائے وہاں سے چلتے بنے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کو بھی قائم ہوئے لگ بھگ سو دن گزر چکے ہیں اس حوالے سے جب صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس سے انکی کارکردگی کا پوچھا گیا تو وہ اطمینان بخش جواب نہ دے سکے۔

صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ لاہور کے بہت سے اسکول ایسے ہیں جن کی عمارت گزشتہ حکومت کی دور میں گرائی گئی تھی جس کے بعد آپکی حکومت آئی اور ابھی تک عمارات کے حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔اس پر ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت خزانہ خالی چھوڑ کر گئی اور اس وقت محکمہ تعلیم کے پاس کوئی فنڈز نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر انکو بتایا گیا کہ لاہور شہر کے متعدد اسکول ایسے ہیں جن کی عمارات خاصی مخدوش ہیں اور کسی بھی وقت گر سکتی ہیں تو آپ کوئی قدم کیوں نہیں اٹھاتے کیا آپ کسی حادثے کا انتظار کر رہے ہیں اس پر انکا کہنا تھا کہ میرے پاس فنڈز ہی نہیں ہیں تو کیا اپنے پاس سے اسکول ٹھیک کروا دوں ۔

اس پر ان سے سوال کیا گیا کہ آپ اپنی سو روزہ کاکردگی پر روشنی ہی ڈال دیں کہ آپ نے ایسا کونسا کام کیا ہے ۔اس پر صوبائی وزیر تعلیم بولے کہ ہم ایک ماڈل اسکول بنا رہے ہیں جس پر صحافی کے ساتھ کھڑے شخص نے نشاندہی کی کہ ماڈل اسکول تو رانا مشہود بھی بنا کر گئے ہیں۔اس شخص کی مداخلت پر وزیرتعلیم غصہ کر گئے اور وہاں سے چلتے بنے۔صحافی نے ان سے جواب لینا چاہا مگر وہ گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔