جمہوریت میں ہر فرد کے ووٹ کی اپنی اہمیت ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفیسر

اتوار 9 دسمبر 2018 14:40

ٹنڈومحمد خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفیسر ٹنڈومحمدخان عبدالرزاق ماکا ، اسسٹنٹ کمشنر فداحسین شورو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید احمد سموں، اسسٹنٹ مختیار کارتوقیر قاضی،اسحاق سولنگی نے کہا کہ جمہوریت میں ہر فرد کے ووٹ کی اپنی اہمیت ہے، مرد و خواتین کے ووٹ برابر کی بنیاد پر ہیں، اسی لئے ووٹ کی رجسٹریشن کرانے کے لئے ہر ایک کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹ کا اندراج ممکن ہو سکے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے پرائمری اسکول میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں این جی اوزو دیگر سماجی تنظیموں کی مدد سے عام لوگوں میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ آگاہی کی فراہمی ضروری ہے ،ووٹ دینے کی اہمیت کے ساتھ ساتھ شناختی کارڈ کی بھی بڑی اہمیت ہے جس کے بغیر ووٹ دینا ناممکن ہے انہوں نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے جس کے درست استعمال سے صوبے اور ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، ہم اپنے علاقوں میںاسی صورت میں تبدیلی لا سکتے ہیں جب ہم اپنے علاقوں کے لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ووٹ کا اندراج یقینی بنانے میں کامیاب ہوسکیں گے۔