Live Updates

حکومت بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، جو لوگ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ان کا احتساب ہونا چاہیے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا انٹرویو

اتوار 9 دسمبر 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے حق میں ہے، احتساب کا عمل بلا تفریق آگے بڑھایا جائے گا۔ اتوار کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، حکومت کا نیب کے امور سے کوئی تعلق نہیں ہے، نیب کے موجودہ چیئرمین کا تقرر سابق حکومت نے کیا تھا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف مقدمات مسلم لیگ (ن) کے دور میں درج ہوئے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نیا پاکستان ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگر غریب اور عوام دوست پروگرام شروع کئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے نچلے اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بے گھر افراد کے لئے پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کا بھی آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، جو لوگ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ان کا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے قومی ادارہ ہے اور جعلی اکائونٹ ہولڈرز کے حوالے سے تمام تر تحقیقات اس ادارے کو کرنی چاہئیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اقرباء پروری پر یقین نہیں رکھتی، سپیکر نیشنل اسمبلی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر عوامی عہدیداروں کی جو تعیناتیاں کی گئی ہیں، وہ میرٹ کے مطابق ہے ان میں سے کسی کا بھی تحریک انصاف کے چیئرمین سے کوئی رشتہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف قومی اداروں کو مضبوط بنا رہی ہے بلکہ قانون کی حکمرانی کے لئے اداروں کی پشت پر بھی کھڑی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات