راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا کاروباری لاگت میں کمی کا مطالبہ

اتوار 9 دسمبر 2018 15:40

راولپنڈی09دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے کاروباری لاگت کم کرنے کے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شرح سود میں اضافے کی بجائے اسے کم کیا جائے بصورت دیگر کاروباری لاگت میں اضافے سے صارفین متاثر ہوں گے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک شاہد سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ گذشتہ ایک عشرے میں پاکستان میں کاروباری لاگت میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس کا اثر براہ راست صارفین پر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے ٹیرف میں کمی کرے، لایئو اسٹاک ، فشریز، ٹیکسٹائل کے لیے مشینری کی درآمد میں کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ دے، نیز کھاد کی قیمتوں میں کمی اور کیڑے مار ادویات پر ڈیوٹی کی شرح میں کمی لائی جائے۔

(جاری ہے)

آر سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ بنکنگ اور دوسرے بڑے ٹیکس دینے والے اداروں پر سپر ٹیکس کی مد میں خاصا ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے یہ ادارے فالتو منافع کو نئے منصوبوں اور روزگار کے دوسرے مواقعوں کے لیے لگا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ برآمدات میں مسلسل کمی آ رہی ہے جس کی وجہ سرمایاکاروں کا پڑوسی ملکوں کی طرف جھکاو ہے جہاں زیادہ مراعات ہیں اور کاروباری لاگت بھی کم ہے ۔

اسی طرح صوبوں میں بھی یکساں ٹیرف کا نفاذ ہونا چایئے تاکہ مقامی صنعت ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہ ہو۔ شرح سود میں کمی لائی جائے تاکہ ایس ایم ایز کو آسان اور سستے قرضے مل سکیں۔ملک شاہد سلیم نے حکومت سے معیشت کو دستاویزی شکل دینے، گورننس بہتر کرنے ، ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے اور آسان کاروبار کے مواقع فراہم کرنے میں ورلڈ بنک کی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ بہتر کرنے کرنے کے ٹھوس اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ۔