سورج مکھی کے پودے سموگ پر قابو پانے میں معاون قرار

اتوار 9 دسمبر 2018 15:40

راولپنڈی09دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق سورج مکھی کے پودے سموگ پر قابو پانے میں معاون ہیں ۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ انسانی صحت کیلئے نقصان دہ سموگ دراصل فضاء میں معلق ان اجزاء پر مشتمل ہوتی ہے جن کی چوڑائی 2.5 مائیکرون یا اس سے کم ہوتی ہے۔یہ معلق اجزاء انسانی جسم کے اندر داخل ہوکر آنکھ اور سانس کی مختلف بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سورج مکھی کے پودے سموگ پر قابوپانے میں معاون ہیں۔ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ سورج مکھی کے پودے میں قدرتی طور پروہ خواص پائے جاتے ہیں جوسموگ کا باعث بننے والی فضائی آلودگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والے عناصرکو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لہذا انسانی صحت کیلئے مفید اس پودے کی کاشت زیادہ سے زیادہ رقبہ پر یقینی بنانی چاہیے تاکہ سموگ کا خاتمہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید بتایاکہ سورج مکھی کی کاشت کیلئے امسال حکومت پنجاب کاشتکاروں کو 5000 روپے فی ایکڑ کی سبسڈی فراہم کررہی ہے تاکہ نہ صرف حکومت کے خوردنی تیل پر اٹھنے والی300 ارب روپے کے درآمدی بل میں کمی ہو سکے بلکہ فضائی آلودگی کو بھی ختم کیاجاسکے۔