Live Updates

نئی لیبر پالیسی کے تحت مزدوروں کیلئے کالونیاں تعمیر کی جائیں گی، چائلڈ لیبر، جبری مشقت اور بے گاری کا خاتمہ کیا جائے گا‘سعدیہ سہیل

ملک کی تعمیر و ترقی میں محنت کش برادری نے بنیادی کردار ادا کیا لیکن افسوس کہ انہیں گزشتہ حکومتوں نے بری طرح نظرانداز کیا‘رہنما تحریک انصاف

اتوار 9 دسمبر 2018 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی نئی پنجاب لیبر پالیسی قابل تحسین ہے جس کے تحت مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل اور انہیں صحت اور تعلیم سمیت زندگی کے ہر شعبے میں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نئی لیبر پالیسی کے تحت مزدوروں کے لئے کالونیاں تعمیر کی جائیں گی، چائلڈ لیبر، جبری مشقت اور بے گاری کا خاتمہ کیا جائے گا۔ مزدوروں کے بچوں کے لئے سکولوں میں داخلے کو یقینی بنایا جائے گا۔ تنخواہ میں اضافہ‘ بعد از ریٹائرمنٹ مفت میڈیکل ہیلتھ کارڈز کا اجرا اور گھریلو ملازمین کے حقوق کیلئے قانون سازی سمیت کارکنوں کو کئی اور سہولتوں کی فراہم یقینی بنائی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں محنت کش برادری نے بنیادی کردار ادا کیا لیکن افسوس کہ انہیں گزشتہ حکومتوں نے بری طرح نظرانداز کیا۔ جبکہ امیروں کے بچے حکمرانی کے مزے لوٹ رہے تھے اور انہیں منتخب کرا کے اس مقام تک پہنچانے والوں کے بچے سڑکوں پر رلتے رہے۔ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے پہلی بار جامع لیبر پالیسی دی ہے جس میں محنت کش طبقے کو درپیش تمام مسائل مثلاً چھت، صحت اور تعلیم کی سہولتیں اور روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کا پروگرام دیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات