اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دباو ڈالے، برسلزمیں تقریب کے مقررین کا مطالبہ

عالمی برادری اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیرمیں مداخلت کرے

اتوار 9 دسمبر 2018 16:20

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میںبرسلز میں کشمیرکونسل یورپی یونین کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ پر عمل درآمداور ان پامالیوں میں ملوث فوجی اہلکاورں کو سزادلانے کا مطالبہ کیا۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سابق ہائی کمشنر زید رعد الحسین نے اپنی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کے لئے ایک انکواری کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کشمیریوں کی شامل کرکے بامقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیرکے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑرہا ہے لیکن دنیا میں بھارت کے خلاف کوئی بولنے والا نہیں۔

انہوںنے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کر انے اور ان کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے بھارت پر دباو ڈالے۔انہوںنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیرمیں مداخلت کرے اور مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔مقررین نے علی رضا سید کی قیادت میں کشمیر کونسل یورپی یونین کی طر ف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پر کشمیرکونسل یورپی یونین کی تعریف کی۔ مقررین میں چوہدری خالد جوشی ،میرشاہجہان ،ڈاکٹرظہور منظور، عامرنعیم سنی،راجہ خالد،سلیم میمن اور سردار صدیق شامل تھے۔