وزارت خارجہ کی آفیسر سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر سید شعیب حسن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

وزارت خارجہ کے سینئر حکام اور لواحقین کی نماز جنازہ میں شرکت

اتوار 9 دسمبر 2018 16:20

وزارت خارجہ کی آفیسر سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر سید شعیب حسن کی نماز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وزارت خارجہ کی آفیسر سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر سید شعیب حسن کی نماز جنازہ اتوار کوادا کردی گئی ۔وزارت خارجہ کے سینئر حکام، سفارتکاروں اور ملازمین کے علاوہ مرحومین کے لواحقین اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ مرحومہ کے گھر گیئں جہاں انہوں نے المناک سانحہ پر لواحقین سے تعزیت کی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ بعدازاں وزارت خارجہ کی مرحومہ اسٹنٹ ڈائریکٹر سیدہ فاطمی کی میت اٹک روانہ کردی گئی ، سیدہ فاطمی مرحومہ کی تدفین آبائی علاقے اٹک میں کی جائے گی۔ وزارت خارجہ کے افسران بھی میت کے ہمراہ تھے۔ سید شعب حسن مرحوم کو ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ واضح رہے کہ وزارت خارجہ کی آفیسر سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر کا گزشتہ روز انتقال ہوگیا تھا۔ دونوں میاں بیوی حال ہی میں شادی کے بعد ہنزہ گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مقامی ہوٹل میں قیام کے دوران جوڑے کی موت مبینہ گیس لیکیج کے باعث ہوئی تھی۔