ایبٹ آباد، شاہراہ ریشم کنارے پختہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن کی تیاریاں

اتوار 9 دسمبر 2018 16:50

ایبٹ آباد۔ 9دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آبادکے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر کینٹ بورڈ کے انکروچمنٹ سکواڈ نے شاہراہ ریشم کنارے پختہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تجاوزات کی زد میں آنے والی دوکانوں پرنوٹسز چسپاںکردئیے ہیں۔ اس حوالہ سے سی ای اوکینٹ بورڈ ارسلان حیدر کی زیرصدارت کینٹ بورڈ کے انکروچمنٹ سکواڈ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں شاہراہ ریشم کنارے پختہ تجاوزات،غیرقانونی دوکانیں اورتھڑے ہٹانے کیلئے ٹریفک پولیس کی مدد سے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی ای اوارسلان حیدر نے انکروچمنٹ سکواڈ کو ہدایات جاری کیں کہ پولیس کی مدد سے تجاوزات ختم کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ ٹریفک پولیس کی مدد سے شاہراہ ریشم پر قائم تمام تر غیر قانونی اڈے ختم کرکے شاہراہ ریشم کو حتمی طور پر کلیئر کیا جائے۔

(جاری ہے)

سی ای او کینٹ بورڈ ایبٹ آباد کی ہدایت پر انکروچمنٹ سکواڈ نے تجاوزات کی زد میں آنے والی دوکانوں پر نوٹسز چسپاں کردئیے ہیں۔آئندہ دو روز میں پولیس کی مدد سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیاجائے گا۔واضح رہے کہ قبل ازیں بھی کینٹ بورڈ ایبٹ آباد نے شاہراہ ریشم کنارے تجاوزات ختم کرنے کی کوشش کی تاہم بااثرتجاوزات مافیا نے اثررسوخ استعمال کرکے تجاوزات کے خلاف آپریشن ناکام بنایا۔کینٹ بورڈ حکام کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت شاہراہ ریشم کنارے تجاوزات ختم کرنے کیلئے ٹھوس اورجامع اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔