Live Updates

وزیراعظم کی کراچی موجودگی کے دوران پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کا احتجاج

پولیس سے تصادم میں متعدد مظاہرین زخمی ، پولیس مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنے لگی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 9 دسمبر 2018 16:57

وزیراعظم کی کراچی موجودگی کے دوران پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کا احتجاج
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 دسمبر 2018ء ) :وزیراعظم عمران خان کے کراچی دورے کے دوران پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کا احتجاج جاری ہے۔مظاہرین کی جانب سے گورنر ہاوس جانے کی کوشش جاری ہے جبکہ پولیس کی جانب مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کراچی کے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ چکے ہیں جہاں گورنر سندھ سمیت اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان اپنی وزارت اعظمیٰ کے دوران دوسری مرتبہ کراچی پہنچے ہیں۔اس دوران وہ کراچی میں مصروف ترین دن گزاریں گے۔دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور دیگر وفود سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کراچی کے اہم ترین معاملات پر پارٹی رہنماوں سے مشاورت بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم گورنر سندھ و دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔اس دوران وزیر اعظم عمران خان کو کراچی کے ترقیاتی کاموں، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔اس دوران پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔اس دوران مظاہرین کی جانب سے گورنر ہاوس کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے۔دوسری جانب پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال شروع کر دیا ہے۔تصادم کے باعث حالات کشیدہ ہو چکے ہیں۔مظاہرین نے پیچھے ہٹنے کی بجائے اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر گورنر ہاوس کی جانب مارچ شروع کر دیا ہے جبکہ پولیس اس صورتحال قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔                                                                 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات