حکومت مارکیٹوں میں تجاوزات گرانے کے نتیجے میں بیروزگار ہونے والے افراد کے معاشی نقصان کا ازالہ کرے‘شیخ ظاہر قیوم

اتوار 9 دسمبر 2018 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چیئرمین و ہول سیل ریڈی میڈ گارمنٹس کے وائس چیئرمین شیخ ظاہر قیوم نے کہا ہے کہ حکومت مارکیٹوں میں تجاوزات گرانے کے نتیجے میں بیروزگار ہونے والے افراد کے معاشی نقصان کا ازالہ کرے ۔ ہم تجاوزات کے خلاف ہیں تاہم حکو مت کو چاہیے کہ کسی بھی قسم کے آپریشن سے قبل متعلقہ دکانداروں کو ضرورت پیشگی اطلاع کرے تاکہ وہ اپنے روزگار کا متبادل انتظامات کر سکیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ تجاوزات قائم کروانے والے اصل مافیا کے خلاف کاروائی کرے جنہوں نے لاکھوں روپے وصول کر کے تجاوزات قائم کروائی ہیں تاہم جن لوگوں کے روز گار بند ہو گئے ہیں ان کا معاشی قتل نہ کیا جائے بلکہ ان کو کوئی متبادل جگہ فراہم کی جائے جہاں پر وہ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بعض افراد 20 بیس سال سے کاروبار رہے ہیں ایسے افراد کو بغیر کسی نوٹس کے یا پیشگی اطلاع کے انکی دکانیں مسمار کرنا کسی صورت درست بات نہیں ہے انہوں نے کہاکہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والے اور انکروچمنٹ کروانے والے دونوں ہی اصل ذمے دار ہیں ،حکومت انکے خلاف کاروائی کرے تمام تاجر برادری ساتھ دے گی تاہم غریب چھوٹے چھوٹے دکانداروں اور یومیہ اجرت کمانے والوں کے خلاف اس طرح کی کاروائی سراسر ذیادتی کے مترادف ہے ۔