Live Updates

گزشتہ حکومتوں کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں کی بدولت ملک کو اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیرکی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 9 دسمبر 2018 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے اور قومی معیشت کی بہتری سے ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں کی بدولت ملک کو اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اپنے اپنے دور حکومت میں قرض لیے اور بہت سے کرپشن سکینڈلز میں بھی ملوث رہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے میٹرو بسوں ، اورنج لائن ٹرین سمیت اربوں روپے کے منصوبے منصوبہ بندی کے بغیر شروع کر دئیے جنہوں نے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری بدعنوانی کے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں جو گزشتہ دور حکومت میں درج کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار عدالت سے مفرور ہیں جو بدترین ملکی معیشت کے ذمہ دار ہیں۔ زرتاج گل وزیر کا کہنا تھا کہ تمام کرپٹ عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں، مثبت پروگراموں اور صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی کے بدولت پاکستان تحریک انصاف نے 2018ء کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات