سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا دوسرا فیسٹیول آف آرٹس اینڈ آئیڈیازآج سے شروع ہوگا

اتوار 9 دسمبر 2018 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں دوسرا فیسٹیول آف آرٹس اینڈ آئیڈیاز 2018 آج(پیر)10دسمبرسے شروع گا۔ یہ فیسٹیول چھ روز تک جاری رہے گا جبکہ پندرہ دسمبر کو فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔ اس فیسٹیول میں چالیس سے زائد پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ جس میں عالمی اور ملکی ماہرین کے لیکچرز، اہم موضوعات پر پینل ڈسکشنز، عظیم شعرا کی زندگی اور شاعری پر مشتمل پروگرامز ،کتابیں اور اسکے مصنفین کی زندگیوں کے جائزے لیے جائیں گے۔

پاکستان کا ثقافتی ورثہ ، موسیقی، کلاسیکل فلمیں ، ڈاکیومینٹریز اور شارٹ فلموں کے مقابلے اور دیگر پروگرامزبھی منعقد کیے جائیں گے۔ جوکہ روزانہ صبح ساڑھے دس بجے سے سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں شروع ہوں گے۔

(جاری ہے)

فیسٹیول کے تمام انتظامات اور پروگرام سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالبعلموں کی چھ سوسائیٹیز کررہی ہیں۔فیسٹیول کے پروگرامز کو حتمی شکل دینے کیلئے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی زیرصدارت یونیورسٹی کے سینٹ ہال میں فیسٹیول کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔

جہاں پر فیسٹیول کے تمام انتظامات کو آخری شکل دیدی گئی۔ اس موقعے پر بات کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ یہ فیسٹیول منعقد کرنے کا بنیادی مقصد طالبعلموں کی ذہنی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول طالبعلموں کی انتظامی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنائے گا۔ ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں ہمارے نئے نسل کو مثبت معاملات کی طرف راغب کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

فیسٹیول کے دوران تعلیم ،بزنس، صحافت، ماحولیات اور خواتین کے مسائل کی بابت پینل ڈسکشنز بھی ہوں گے۔ جن میں ملک کی نامور شخصیات کریں گی۔جن میں آئی اے رحمن، رضاربانی، وسعت اللہ خان، غازی صلاح الدین، امینہ سید، کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا جبکہ عالمی ماہرین میں روس کی سینٹ پیٹرزبرگ یونیورسٹی کے پروفیسر الیگسی بائکوف، ترکی کی ہائر ایجوکیشن کونسل کے ایگزیکیٹو بورڈ کی ممبر پروفیسر زیلھا کوک اور غازی یونیورسٹی انقرہ کے پروفیسر عبدالرحمان طوفان بھی شرکت کریں گے۔

طالبعلم شاہ اعبدالطیف بھٹائی ، مولانا رومی، سچل سرمست ، علامہ اقبال ، شیکسپئر اور علامہ اقبال کے متعلق بھی پروگرام پیش کریں گے۔ اس موقعے پر فوٹوگرافی، پینٹنگس، ذہنی آزمائشی مقابلے اور دیگر پروگرامز بھی پیش کیے جائیں گے۔