پی ڈی سی اے نے کلبوں کی رجسٹریشن کے شیڈول اور شرائط کا اعلان کر دیا

اتوار 9 دسمبر 2018 18:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن موجودہ اور نئے کرکٹ کلبوں کی رجسٹریشن کے شیڈول اور شرائط کا اعلان کر دیا، فیس جمع کرانے کے لئے آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ رجسٹریشن فارم 31 جنوری 2019 ء تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حنیف شاہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق نئے کلبوں سے 2500 روپے فیس اور موجودہ کلبوں، جو پہلے ہی سے پی ڈی سی اے کے ساتھ رجسٹر ہوں، سے 1500 روپے فیس وصول کی جائے گی۔

رجسٹریشن کے لئے وضع کردہ شرائط کے مطابق کلب باقاعدہ نیٹ پریکٹس کرتا ہو ہر کلب صرف پشاور کا ڈومیسائل رکھنے والے کھلاڑی کو ایک سال کے لئے رجسٹرکرنے اور 20 کھلاڑیوں کے کوائف ایسوسی ایشن کو دینے کا پابند ہوگاکلب تبدیل کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے پہلے سے رجسٹر کلب سے این او سی حاصل اور پانچ سو روپے فیس جمع کرانے کا پابند ہوگا کلب تبدیلی صرف 25 سے 30 جون تک ہوگی، دوسرے اضلاع کے صرف وہ کھلاڑی رجسٹریشن کے حقدار ہوں گے جو پشاور کی حدود میں واقع کسی سرکاری یا نیم سرکاری ادارے سے وابستہ ہوں،پشاور میں پڑھتا ہو یا چھ مہینوں سے پشاور میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہو اور اپنے ضلع میں کسی کلب سے رجسٹرنہ ہو، کوئی کلب غیر رجسٹر کھلاڑی کو دوسرے اضلاع میں ٹورنامنٹ کھلانے کا مجاز نہیں ہوگا،رولز کی خلاف ورزی پر کلب کی رجسٹریشن ایک سال کے لئے منسوخ کی جائے گی، کلبوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ماڈل آئین پر عمل کرنا ہوگا ، ضلع میں ٹورنامنٹ ہارنے والے کلبوں کے کھلاڑی دوسری ٹیموں میں نہیں کھیل سکیں گے، پشاور ضلع کے وہ کھلاڑی جو کسی دوسرے ضلع سے انڈر 16 یا انڈر 19 سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کھیلتے ہو وہ ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکیں گے۔

(جاری ہے)

افغان کھلاڑی کسی بھی کلب میں رجسٹر نہیں ہوسکیں گے۔