پی ایس ایل 4 :آل راؤنڈر محمد حفیظ لاہور قلندرز کی ٹیم کے کپتان مقرر

اتوار دسمبر 18:50

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2018ء) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 4 کے لئے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو لاہور قلندرز کی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا، محمد حفیظ سے قبل لاہور قلندرز کی قیادت نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میکولم کے پاس تھی،لاہور قلندرز فرنچائز کے مالک فواد رانا نے محمد حفیظ کے ہمراہ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پی ایس ایل فور میں محمد حفیظ لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے جبکہ اس موقع محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی قیادت میرے لیے چیلنج ہوگی،ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے خوش ہوں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں،انہوں نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس پر بات نہیں کروں گا بلکہ مستقبل کی پرفارمنس پر نظر ہوگی، لاہور قلندرز کے پاس چیمپئن بننے کے لئے تمام کھلاڑی موجود ہیں،محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کے تھنک ٹینک کو ٹیم کا اچھا کومبینیشن بنانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن لگ رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو امید دلائی اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں،محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ٹیسٹ میچز عزت اور کامیابی کے ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا ٹائم فریم ابھی نہیں دے سکتا، فواد رانا کا بھی کہنا تھا کہ فرنچائز کے ماڈل پر ہمیشہ بات چیت چلتی رہتی ہے، میں پٴْرامید ہوں کہ پی ایس ایل مزید اچھا برانڈ بنے گا۔