Live Updates

پنجاب میں شادی سے پہلے تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی قرار

پنجاب حکومت تھیلیسیمیا ٹیسٹ کیلئے بل اسمبلی میں لائے گی، تھیلے سیمیا ٹیسٹ لیب کا دائرہ کارپہلے ڈویژن پھر ضلع کی سطح تک بڑھایا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 9 دسمبر 2018 18:59

پنجاب میں شادی سے پہلے تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی قرار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 دسمبر 2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے90شاہراہ قائد اعظم پر تھیلے سیمیا کے مریضوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعلیٰ تھیلے سیمیا کے بچوں میں گھل مل گئے۔ وزیراعلیٰ نے مریض بچوں سے ہاتھ ملایا، انہیں پیار کیا اور ان سے گپ شپ کی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ہمارے گلشن کا پھول ہیں۔

ہم اپنے گلشن میں مہکنے والے ان پھولوں کو مرجھانے نہیں دیں گے ۔تھیلے سیمیا جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک موروثی بیماری ہے اورضروری تدابیر اختیارکر کے اس مرض کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے شادی سے پہلے تھیلے سیمیاٹیسٹ لازم قراردینے کیلئے قانون سازی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شادی سے قبل تھیلے سیمیا ٹیسٹ لازم قرار دینے کا بل اسمبلی میں لائے گی اور یہ بل تھیلے سیمیا کے مرض میں روک تھام میں موثر ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تھیلے سیمیا ٹیسٹ لیب کا دائرہ کار ڈویژن کی سطح تک بڑھایا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں تھیلے سیمیا ٹیسٹ لیب ہر ضلع میں قائم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ تھیلے سیمیا جیسے موذی مرض سے بچاوٴ کیلئے پنجاب حکومت ہر طرح کے وسائل ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریگی۔صحت کے شعبہ میں بہت بہتری کی گنجائش موجود ہے ۔میں ہیلتھ کےئر کے حوالے سے موجود مسائل کا خود گواہ ہوں اور ناکافی طبی سہولتوں کے باعث میں نے مریضوں کو اپنے ہاتھوں میں دم توڑتے دیکھا ہے ۔

تحریک انصاف کی حکومت صحت کی بہتری کے لئے دن رات کام کریگی۔پانچ سال میں ہیلتھ کےئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے وہ کام کریں گے جو 70سال میں نہیں ہوئے۔شعبہ صحت میں حقیقی تبدیلی لا کر دکھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں دینے کیلئے فنڈز میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد متحرک وزیرصحت ہیں اورمحنت سے کام کررہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تھیلے سیمیا کے مریضوں کی دیکھ بھال اوران کا علاج معالجہ کرنے والے افراد ،شخصیات ،ڈاکٹر اور اداروں کی خدمات لائق تحسین ہیں اوریہ تمام لوگ نیک فریضہ سرانجا م دے رہے ہیں اور تھیلے سیمیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے عظیم لوگوں کی شاندارخدمات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ تھیلے سیمیا جیسی بیماری کو شکست دینے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردارادا کرنا ہو گا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ تھیلے سیمیا کے مریض معاشرے کے مفید شہری بن رہے ہیں اورپنجاب میں تھیلے سیمیا سے بچاوٴ کا ایک بڑا پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شادی سے قبل تھیلے سیمیا کا ٹیسٹ لازم قراردینے کے حوالے سے بل جلد اسمبلی میں لارہے ہیں ۔صدر تھیلے سیمیا فیڈریشن آف پاکستان لیفٹیننٹ جنرل(ر)معین الدین حیدر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تھیلے سیمیا سے بچاوٴ کا پروگرام کامیابی سے چلانا خوش آئند ہے ۔

حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے اس پروگرام میں مزید بہتری آئے گی۔خون رضا کارانہ طورپر عطیہ کرنے کیلئے شعوراجاگر کرنا ضروری ہے ۔جنرل سیکرٹری تھیلے سیمیا فیڈریشن پنجاب ڈاکٹر سید حسنین جعفری نے کہا کہ پنجاب حکومت کا تھیلے سیمیا بچاوٴپروگرام 36اضلاع میں کام کررہا ہے ۔لاہور سمیت چار بڑے شہروں میں تھیلے سیمیا ٹیسٹ لیبز کام کررہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تھیلے سیمیا کے مریضوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات