زائد کرایوں کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کو انتباہ

اتوار 9 دسمبر 2018 19:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی نے ٹرانسپورٹرزکو خبردار کیا ہے کہ وہ زائد کرایوں کی وصولی سے باز رہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ کسی بھی طرح زیادتی کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔خالد یامین ستی نے اے پی پی کو بتایاکہ زائد کرایوں کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کریں گی ۔

انہوں نے بتایاکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے زائد کرایوں کی وصولی ،اوور لوڈنگ اور روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پرایک ماہ میں 187گاڑیاں بند جبکہ ناقص سی این جی سلنڈرز کی حامل 71 گاڑیوں سمیت 915 گاڑیوں کے چالان کیے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری آر ٹی اے خالد یامین ستی نے اے پی پی کو بتایاکہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے نومبر میں ضلع راولپنڈی میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی جانب سے مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ اور روٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر915چالان کر کے 6,40,900روپے جرمانہ وصول کیا اور 187گاڑیاں بند کیں ۔

خالد یامین ستی نے سرکاری خبررساں ادارے کو بتایاکہ زائد کرایوں کی وصولی و دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے آرٹی اے کی ٹیمیں چھاپے مار کر کارروائیاں کرتی ہیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے جاتے ہیں ۔اسی طرح ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیئے ہیں جو مختلف کارروائیاں کرتے ہیں ۔

انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیموٓں نے یکم نومبر سے 30 نومبرتک سینکڑوں گاڑایاں چیک کی گئیں جن میں بغیر فٹنس کے 360گاڑیاں پائی گئیں جبکہ ناقص سی این جی سلنڈرز کی حامل 71گاڑیاں سامنے آئیں ۔انہوں نے بتایاکہ اس صورتحال پر ٹیموں نی187گاڑیاں بند کردیں ۔خالد یامین ستی نے قومی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف مہم باقاعدگی سے جاری ہے اور اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ سمیت روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :