دفتر خارجہ کی خاتون افسر سیدہ فاطمی اٹک کے نواحی علاقہ میں آہوں ، سسکیوں میں سپرد خاک

اتوار 9 دسمبر 2018 19:00

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) دفتر خارجہ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات سر انجام دینے والی نوبیاہتا دلہن سیدہ فاطمی کوآہوں اور سسکیوں میں کربلا حلیم شاہ میں سپردِ خاک کر دیا گیا ، تدفین کے دوران رقت آمیز مناظر تھے چند دن قبل نکاح پڑھانے والے مولانا احمد علی رضوی نمازِ جنازہ پڑھاتے ہوئے آب دیدہ ہو گئے، اٹک کی رہائشی دفتر خارجہ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات سر انجام دینے والیسیدہ فاطمی کی 9نومبر کو شادی ہوئی تھی اور اپنے شوہر کیساتھ ہنی مون منانے کیلئے ہنزہ گئی ہوئی تھیں جہاں ہوٹل میں گیس لیکج کے باعث بد قسمت جوڑا جان کی بازی ہا ر گیا، سیدہ فاطمی کے شوہر کی تدفین اسلام آباد میں کر دی گئی جبکہ مرحومہ کو اٹک کے علاقہ کربلا حلیم شاہ میں سپردِ خاک کیا گیا۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں ہر شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاًسادات برادری کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ سیدہ فاطمی دفتر خارجہ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات تھیں، انکا تعلق 42 ویں کامن ٹریننگ پروگرام سے تھا۔ فرانس سے تربیت مکمل کرکے پاکستان پہنچی تھی ،وہ اپنے میٹ میں پوزیشن ہولڈر رہ چکی ہیں اورفارن سروس اکیڈمی کے 35 سپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس میں پوزیشن ہولڈر بھی تھیں، 9 نومبر کو ان کی شادی ہوئی تھی اور شادی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ ہنزہ گئی ہوئیں تھیں جہاں ہوٹل کے کمرے میں گیس لیکج سے بدقسمت جوڑا اپنی جان کی بازی ہار گیا تھا۔