بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کی امدادی رقم سے کٹوتی پر احتجاج

اتوار 9 دسمبر 2018 19:10

بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کی امدادی رقم سے کٹوتی پر احتجاج
سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کی امدادی رقم سے کٹوتی پر احتجاج کیاگیاہے ضلع بھرمیں منظورشدہ دکانوں پر بے نظیرانکم سپورٹ کی امدادی رقم ادائیگی کے دوران رقم کٹوتی کی شکایات سامنے آئی ہیں ، جبکہ سہولیات کی عدم فراہمی کی بھی شکایات ہیں رپورٹ کے مطابق بی آئی ایس پی کے مستحقین کو جاری ہونے والی امدادی رقم کی وصولی کے لئے منظورشدہ دکانوں پر خواتین کا انتہائی رش ہے اور رقم وصول کرنے والی خواتین کو بیٹھنے یاپانی کی سہولت بھی فراہم نہیں کی گئی ہے ، جبکہ تمام مستحقین کی رقم سے دوسو روپے فی کس کٹوتی کی جارہی ہے بعض مقامات پر دکانداروں نے اضافہ شدہ رقم کے بجائے پرانی رقم کی ادائیگی کی ہے علاوہ ازیں مستحقین نے شکایت کی ہے کہ دلال مافیادکانداروں سے ملی بھگت کرکے جلدی ادائیگی کا جھانسہ دیکر مستحقین سے پانچ سوروپے تک وصول کررہے ہیں ، مستحقین کی رش کی وجہ سے دوردراز سے آنے والی خواتین پورا پورا دن انتظارمیں بھوکی پیاسی بیٹھی رہتی ہیں ،جبکہ بعض اپنے شیرخوار بچوں کے ساتھ دربدر پھررہی ہیں ، ذرائع کاکہناہے کہ سنگین شکایات کے باوجود بی آئی ایس پی اور متعلقہ بنک انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بھی اس ضمن میں کوئی کاروائی نہیں کی ہے ، غریب مسکین مستحق خواتین سے امدادی رقم ادائیگی کے نام پر ہونے والی زیادتیوں کو نظرانداز کرکے سرکاری سرپرستی مہیاکی جارہی ہے ، مستحقین نے اپیل کی ہے کہ بی آئی ایس پی ، بنک اور دکانداروں کی ملی بھگت سے دلال مافیاکی معرفت لوٹ مار کا سخت نوتس لیکرکاروائی کی جائے ہے امدادی رقم کی تقسیم کا باعزت اور شفاف طریقہ کار اختیارکیاجائے۔

متعلقہ عنوان :