پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2019ء کا معاہدہ طے پا گیا

اتوار 9 دسمبر 2018 20:00

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2019ء کا معاہدہ طے پا گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2019ء کا معاہدہ طے پا گیا۔ پاکستان سے آئندہ سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ اتوار کو ترجمان مذہبی امور کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق حج معاہدہ 2019ء پر پاکستان اور سعودی عرب کے وزراء نے دستخط کئے جس کے تحت پاکستان کے حج کوٹہ میں 5 ہزار افراد کا اضافہ ہو گا۔

اس دوران روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستانی حجاج کو مرحلہ وار شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ابتدائی طور پر اس پراجیکٹ سے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 35 ہزار حجاج مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے تحت حاجیوں کی تصدیق و امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہو گا۔ ترجمان کے مطابق معاہدے کی رو سے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد کی قیادت وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سعودی حکام نے بتایا کہ 2 ہزار ریال فیس خاتمے کا فیصلہ خادم الحرمین الشریفین سے مشاورت کے بعد ہو گا۔ نئی مردم شماری کے مطابق حج کوٹہ میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔ زیادہ تر پاکستانی حجاج کو اولڈ منیٰ میں ٹھہرانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تجاویز پر عمدلرآمد کرنے پر سعودی عرب حکومت کے شکرگزار ہیں۔