Live Updates

پاکستان رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 25 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد

اتوار 9 دسمبر 2018 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 25 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرکے ملزم فرخ بشیر کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

ملزم ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ ڈاکس ہی کے علاقے میں ایک دوسری کارروائی میں رینجرز نے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے بھتہ خور ملزم محمد فرقان کو گرفتار کیا جو بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ گلبرگ، سمن آباد، کلفٹن اور فیروزآباد کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرکے 7 ملزمان وقاص احمد، محمد انس، دل جان، محمد یاسر، محمد اعجاز معین، سید شایان قادری اور سید شمروز علی کو گرفتار کیا جو ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

رینجرز نے چوتھی کارروائی میں مبینہ ٹائون، شاہراہ نور جہاں اور سعید آباد کے علاقوں میں کارروائیاں کرکے 5 ملزمان محمد عامر، محمد عثمان، محمد کاشف، محمد شہباز اور محمد عمران کو گرفتار کیا جو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گلشن معمار، گبول ٹائون اور فیروز آباد کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئی4 ملزمان محمد فراز عرف گبر، شاہد عرف مشقی، محمد خرم خان اور مظہر حسین کو گرفتار کیا جو علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔

شرافی گوٹھ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شمسو عرف اسلم کو گرفتار کیا جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ ملزم جرائم کی متعدد وارداتوں مٰں ملوث ہے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا اور زمان ٹائون کے علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے بعد 3 ملزمان محمد صالح عرف موسیٰ، ہارون عرف کاکا مسیح اور محمد عمران خان عرف ٹارزن کو گرفتار کیا جو غیر قانونی اسلحہ رکھنے، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ شرافی گوٹھ کے ہی علاقے میں رینجرز نے کارروائی کے بعد ڈکیتی اور اسٹیٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان ذیشان رحمان اور عبدالرحمن کو گرفتار کیا۔

علاوہ ازیں شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالحمید کو گرفتار کیا جو ماوا اور گٹکا فیکٹری میں تیار کرنے اور علاقے میں گٹکا فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور گٹکا بھی برآمد کیا گیا ہے اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات