انسانی حقوق بالخصوص خواتین،بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات کیے جارہے ہیں،وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری

اتوار 9 دسمبر 2018 21:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق بالخصوص خواتین،بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں۔اتوار کوانسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان 1948میں انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ پر دستخط کیے تھے،پاکستان کی پہلی قانون ساز اسمبلی کی رکن بیگم شائستہ اکرام اللّٰہ نے اقوام متحدہ میں مندوب کی حیثیت سے پاکستان کی نمائندگی کی۔

انہوں نے عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق میں پاکستان کے صنفی مساوات سے متعلق عزم کا اعادہ کیا تھا جس پر ہم آج بھی عمل پیرا ہیں،انسانی حقوق کونسل کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان نے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے بہت کام کیا۔

(جاری ہے)

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری الفاظ "ہم ایک ریاست کے برابر شہری ہیں"ہماری ریاست کے رہنما اصول ہیں،انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنانے کے لئے یہ اسی عزم کا اعادہ ہے کہ مو جودہ حکومت بالخصوص وزارت انسانی حقوق نے تین ماہ کے دوران انسانی حقوق سے متعلق 9قوانین کا مسودہ تیار کیا جن میں بچوں کے ساتھ زیادتی کی روک تھام،اقلیتوں کے حقوق،تشدد کے خلاف تحفظ،قانونی مدد کو بہتر بنانے اور انصاف تک رسائی حاصل کر نے جیسے مسودے بھی شامل ہیں، قانون سازی کے اقدامات کے علاوہ وزارت انسانی حقوق نے اہم معاملات پر تین پالیسیوں اور تحقیقات پر بھی کام کیا،ان میں خواتین کے وراثتی حقوق،سٹریٹ چلڈرن اور گھریلو ملازمین کے قوانین سے متعلق ہم آ ہنگی بارے تحقیقی مطالعہ کیا گیا،جبکہ صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام،خواتین کو با اختیار بنانے اور بچوں کے ساتھ زیادتی کی روک تھام کے حوالے سے پالیسی پر بھی کام کیا گیا جبکہ وزارت انسانی حقوق میں ایک ہیلپ لائن نمبر 1099بھی موجود ہے جس کے زریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے،موجودہ حکومت کے آ نے کے بعد ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات میں 4000سے بڑھ کر 15500تک کا اضافہ ہوا ہے،موجودہ قوانین پر عمل درآمد اور نء قانون سازی سمیت وزارت انسانی حقوق عوام کو ان کے حقوق سے متعلق آ گاہی کی اہمیت سے آگاہ ہے،انسانی حقوق سے متعلق بالخصوص خواتین میں وراثتی حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے آگا ہی مہم جاری ہیں،ہماری وزارت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے اورمقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ظلم وستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا ہے جبکہ یورپ میں مسلمانوں بالخصوص پاکستانی تارکین وطن کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے،پاکستان میں لا پتہ افراد کے مسئلہ کے جلد حل کے لیے پر عزم ہیں یہ ہماری جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے عزم کا اعادہ ہے،انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ ایک مسلسل عمل ہے،اس حوالے سے در پیش چیلینجز سے تمام متعلقہ فریقوں حکومت عدلیہ مقننہ اور سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دے کر نمٹا جاسکتا ہے۔

میں اس موقع کی مناسبت سے حکومت کے آ ئین پاکستان آور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کے مطابق انسانی حقوق کے تحفظ ،فروغ اور فراہمی سے متعلق اپنی زمہ داریوں کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہوں،انسانی حقوق کا عالمی دن انسانی حقوق سے متعلق عالمی اعلامیہ کی منظور ی کی یاددلاتاہے جس میں پہلی بار ہر انسان کیلئے بنیادی حقوق کے تحفظ اور فراہمی یقینی بنانے کاعزم کیا گیا۔