Live Updates

پنجاب حکومت100روزہ پلان پر بھرپور تیاری کے ساتھ میدان عمل میں ہو گی‘عبدالعلیم خان

تعلیم ،صحت ،زراعت ، آبپاشی ، بلدیات ، جنگلات ،سپورٹس و دیگر محکموں میں اصلاحات ہوں گی وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق انقلابی اقدامات متعارف کرا رہے ہیں ‘سینئر صوبائی وزیر

اتوار 9 دسمبر 2018 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت100روزہ پلان پر بھرپور تیاری کے ساتھ میدان عمل میں ہو گی او ر وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ایسے انقلابی اقدامات متعارف کرائیں گے جن سے ملکی نظام میں موجود کرپشن کے خاتمے اور تیزی کے ساتھ عوام کو اُن کے حقوق کی فراہمی ممکن ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کی15محکموں میں اصلاحات کا ایجنڈا لا رہے ہیں جس کیلئے گزشتہ3مہینوں میں نیک نیتی اور محنت کے ساتھ کام کیا گیا ہے ،ہر محکمے کے صوبائی وزیر اور سیکرٹری کے ہمراہ ہونے والے اجلاسوں میں ایسی سفارشات تیارکی گئی ہیں جن کے ذریعے دور رس نتائج کی حامل پالیسیاں سامنے آئیں گی اور پنجاب میں اس 100روزہ پلان کے ذریعے تبدیلی کی سمت واضح ہو جائے گی اور یہ پلان آئندہ5برسوں کیلئے لائن آف ایکشن ہو گا، عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ70برسوں سے ملکی نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے کا وقت آ گیا ہے اور اس مقصد کیلئے سرکاری سسٹم میں موجود رکاوٹوں کو بھی ختم کیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پنجاب حکومت 100روزہ پلان پر سب سے آگے ہو گی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ اس پلان کا عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو سکے ،سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پنجاب کے جن محکموں میں بہتری لانے کیلئے کام کیا گیا ہے اُن میں تعلیم ،صحت ،بلدیات، زراعت،آبپاشی ، جنگلات او ر سیاحت سر فہرست ہیں جبکہ سپورٹس ، صنعت ،ویمن ڈویلپمنٹ ،سماجی بہبود،لائیو سٹاک اور پینے کے صاف پانی کے شعبوںکو بھی 100روزہ پلان میں رکھا گیا ہے جس پر بنیادی کام مکمل ہو چکا ہے اور اس پر عملی طور پر بھی پیش رفت کا آغاز ہو گیا ہے ، عبدالعلیم خان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس 100 روزہ پلان پر عملدرآمد ہونے سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کی نئی جہت سامنے آئی گی اور ماضی میں ہونے والی کاغذی کاروائیوں اور اشتہاری سرگرمیوں کے برعکس عملی طور پر ایسے اقدامات ہوں گے جن کا فائدہ عام آدمی کو ہو گااور عوام تبدیلی کے ثمرات سے مستفید ہوں گے ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ 100روزہ پلان کا اہم شعبہ صوبے کا نیا بلدیاتی نظام ہو گا جس میں اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم ،ترقیاتی کاموں میں تیزی اور بہتری سامنے آئے گی ،انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں عوام کے منتخب نمائندوں کو مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے مکمل با اختیار بنایا جائے گا ،شہروں اور دیہات میں یکساں ترقی کے مواقع ہوں گے اور پنچائت سسٹم کے ذریعے پنجاب کی25ہزار دیہات میں ایک ہی وقت میں ترقی کا عمل شروع ہوگا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ 100روزہ پلان موجودہ حکومت کا اہم کریڈٹ ہے اور اس منصوبے کے ذریعے ہم عوام کی طرف سے کی جانے والی توقعات پر پورا اتریں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات